جیور ایئرپورٹ کے لیے اپنی زمین دینے والے کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ، جمنا اتھارٹی کے باہر کنبہ کے ساتھ دیا دھرنا

کسانوں کا کہنا ہے کہ وہاں پر بنیادی سہولیات کی کمی ہے، اسی لیے جس گاؤں سے ان کو ہٹایا گیا ہے، اس کی جگہ ان کے بتائے گئے دوسرے گاؤں میں ان کو منتقل کیا جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

آج جمنا اتھارٹی کے باہر سینکڑوں کی تعداد میں کسان دھرنا و مظاہرہ کرنے کے لیے پہنچ گئے۔ دھرنا و مظاہرہ کرنے والے وہ کسان ہیں جنھوں نے اپنی زمین جیور ایئرپورٹ کے لیے جمنا اتھارٹی کو دی ہے اور اس کا معاوضہ بھی لیا ہے۔ لیکن آج کسان جمنا اتھارٹی کے باہر اس لیے بیٹھے ہیں کیونکہ جمنا اتھارٹی انھیں جہاں پر منتقل کروا رہی ہے، وہ اس جگہ پر نہیں رہنا چاہتے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہاں پر بنیادی سہولیات کی کمی ہے، اس لیے جس گاؤں سے ان کو ہٹایا گیا ہے اس کی جگہ پہلے سے بتائے گئے دوسرے گاؤں میں ان کو منتقل کیا جائے۔

اس دھرنا میں سب سے زیادہ رنہیرا گاؤں کے کسان اپنے کنبہ اور بچوں کے ساتھ شامل ہوئے ہیں۔ رنہیرا گاؤں کے کسان کنبوں کا آج جمنا اتھارٹی کے باہر صبح سے ہی مظاہرہ چل رہا ہے۔ جمنا اتھارٹی سے کسانوں کا مطالبہ ہے کہ رنہیرا گاؤں سے منتقل کر انھیں ماڈل پور گاؤں میں بسایا جائے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس گاؤں کے تعلق سے سبھی رضامند ہیں۔


دراصل جیور ایئرپورٹ کے لیے کسانوں نے اپنی سبھی زمین حکومت کو دے دی ہے۔ لیکن کسانوں کی آواز اور درد کو بھی اتھارٹی کو سننا چاہیے۔ کسانوں نے اتھارٹی اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں جمنا کھادر میں منتقل نہ کیا جائے کیونکہ وہاں پر بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔ وہاں نہ تو پختہ سڑک ہے نہ بجلی ہے اور نہ ہی پانی کا انتظام ہے۔ بڑی تعداد میں کسانوں کو دیکھ کر احتیاط کے طور پر وہاں پولیس فورس کو بلا لیا گیا ہے۔ فی الحال پرامن طریقے سے کسانوں کا دھرنا و مظاہرہ چل رہا ہے، لیکن اپنے مطالبات کو لے کر سبھی کسان بضد ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔