حضرت خواجہ اجمیریؒ کی عظمت کا ہر مذہب قائل: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

رابع حسنی ندوی نے اپنے ایک ویڈیو بیان جو سماجی رابطہ کی مختلف سائٹس پر وائرل ہوا ہے، میں کہا کہ حضرت اجمیریؒ نے اس ملک میں انسانیت کی خیرخواہی کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ومہتمم دارالعلوم ندوۃ العلما لکھنؤ نے ہندوستان کے ممتاز بزرگ صوفی حضرت سید خواجہ معین الدین چشتی ؒکی شان میں گستاخی پر اپنے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان جو سماجی رابطہ کی مختلف سائٹس پر وائرل ہوا ہے، میں کہا کہ حضرت اجمیریؒ نے اس ملک میں انسانیت کی خیرخواہی کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔ حضرت اجمیری ؒ نے لوگوں کے دلوں میں ایسی محبت پیدا کردی کہ یہاں کا ہر وہ شخص جو تاریخ سے واقف ہے وہ ان کے مقام ومرتبہ کی قدرکرتا ہے اور ان کی حیثیت کو مانتا ہے۔ ایسی شخصیت مشکل سے پیدا ہوتی ہے۔ حضرت اجمیری ؒنے ہندوستان میں مسلمانوں کا وزن و وقار پیدا کیا، جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ حضرت خواجہ اجمیریؒ ملک بھرمیں اس قدر محبوب ہیں کہ غیر مسلم افراد بھی ان سے محبت کرتے ہیں، ان کے یہاں جاتے ہیں اور اپنے لئے فائدہ کی بات سمجھتے ہیں۔


مولانا رابع حسنی ندوی نے مزید کہا کہ یہ تصور کرنا مشکل تھا کہ کوئی حضرت خواجہ اجمیریؒ کے بارے میں ایسی بات کہے گا جو کہ گری ہوئی یا کمتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ افراد حضرتؒ کی عزت کرتے ہیں اور ان کے مقام کو جانتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اینکر نے ٹی وی پرجو حرکت کی ہے، اس کی ہر طرف سے مذمت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ اس حرکت سے اللہ کی ناراضگی ظاہر ہوگی“۔ حضرت خواجہ اجمیری اللہ کی محبوب و برگزیدہ شخصیت تھے۔ وہ انسانوں کے لئے محبوب شخصیت تھے۔ چاہے کسی بھی مذہب کا فرد ہو وہ حضرت خواجہ ؒ کا احترام کرتا ہے۔ ایسی شخصیت سے متعلق گھٹیا بات کرنا خطرہ کی بات اور اللہ کو ناراض کرنے والی بات ہے۔ ایسی گھٹیا باتوں سے ان اللہ والوں کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچتا لیکن ایسی حرکت کرنے والوں کو اللہ کی ناراضگی جھیلنی پڑے گی۔


مولانا ندوی نے کہا ”میں افسوس کا اظہار کرتا ہوں کہ ملک میں اس طرح کے لوگ پیدا ہوگئے ہیں جو اچھے اور بُرے کا فرق نہیں سمجھتے۔ اس سے ملک اور لوگوں کو نقصان پہنچتا ہے“۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم سب کو صحیح سمجھ عطا فرمائے اور معاملات کو صحیح طورپر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔