ووٹر آئی ڈی کارڈ نہ ہو تو پھر بھی ڈالا جاسکتا ہے ووٹ!
اگر آپ کے پاس ووٹر شناختی کارڈ نہیں ہے تو کوئی دوسرا سرکاری تصویری شناختی کارڈ بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ جیسے آدھار کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور پین کارڈ وغیرہ۔
لوک سبھا انتخابات میں اب صرف چند دن رہ گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو 21 ریاستوں کی 102 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ اگر آپ کی عمر 1 اپریل 2024 تک کم از کم 18 سال ہے، تو آپ اس بار لوک سبھا انتخابات میں ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کے لیے 19 اپریل کو ووٹنگ ہوگی، اس کے بعد 26 اپریل، 7 مئی، 13 مئی، 20 مئی، 25 مئی اور یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔
اگر آپ ووٹ دینا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ووٹر شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ آپ کا نام ووٹر لسٹ میں بھی ہونا چاہیے۔ صرف ووٹر کارڈ ہونا کافی نہیں ہے۔ انتخابات سے پہلے یہ دیکھنا بہت ضروری ہے کہ آیا آپ کا نام ووٹر لسٹ میں ہے یا نہیں۔ اگر آپ نے پہلے کسی اسمبلی یا لوک سبھا الیکشن میں ووٹ ڈالا ہے تو اس بار بھی آپ کا نام ووٹر لسٹ میں ہونے کا امکان ہے۔ مگر چونکہ ووٹر لسٹ ہر سال اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور اس دوران کئی نام حذف بھی کر دیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کا نام دو مختلف پتوں پر رجسٹرڈ ہے تو ایسے ناموں کو بھی ہٹا دیا جاتا ہے۔ اس لیے بعض اوقات یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کا نام ووٹر لسٹ سے غائب ہو جائے۔
آپ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ (electoralsearch.eci.gov.in) پر یا ای سی آئی کی ووٹر ہیلپ لائن ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے چیک کرسکتے ہیں کہ آیا آپ کا نام ووٹر لسٹ میں اپ ڈیٹ ہوا ہے یا نہیں۔ یہاں آپ کو اپنا نام چیک کرنے کے لیے تین اختیارات ملیں گے۔ سب سے پہلے اگر آپ کے پاس اپنا شناختی کارڈ ہے، تو اس پر لکھے ہوئے EPIC نمبر کے ساتھ اپنا نام چیک کرنا سب سے آسان ہے۔ دوسرا اگر آپ کا موبائل نمبر ECI میں رجسٹرڈ ہے تو یہ بھی بہت آسان ہے۔ آپ کے فون پر ایک OTP آئے گا، جسے آپ درج کرکے اپنا نام چیک کر سکتے ہیں۔ تیسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی ذاتی معلومات کے ذریعے بھی اپنا نام تلاش کر سکتے ہیں۔
ہر مرحلے میں ووٹر نامزدگی کی آخری تاریخ تک اپنے نام اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ بالترتیب 27 مارچ اور 4 اپریل تھی جو گزر چکی ہے۔ بقیہ مرحلہ 3، 4، 5، 6 اور 7 کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ بالترتیب 19 اپریل، 25 اپریل، 3 مئی، 6 مئی اور 14 مئی ہے۔ مگر الیکشن کمیشن کے اہلکار یہ مشورہ دیتے ہیں کہ آپ کو ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرنے کے لیے اندراج کی آخری تاریخ سے کم از کم سات دن پہلے درخواست دینی چاہیے تاکہ آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کے لیے مناسب وقت مل سکے۔
ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرانے کے لیے سب سے پہلے آپ کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ nvsp.in یا eci.gov.in پر جا کر اندراج کرنا ہوگا۔ اگر پہلے سے رجسٹرڈ ہے تو موبائل نمبر کے ذریعے لاگ ان کریں۔یہاں فارم 6 کا انتخاب کریں۔ اس فارم کو مکمل پُر کرکے آپ اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروا سکتے ہیں۔ اگر آپ کا نام ووٹر لسٹ میں ہے اور آپ کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے تو کوئی دوسرا سرکاری تصویری شناختی کارڈ بھی دکھا سکتا ہے۔ جیسے آدھار کارڈ، پاسپورٹ، منریگا جاب کارڈ، بینک یا پوسٹ آفس پاس بک، ہیلتھ انشورنس اسمارٹ کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ وغیرہ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔