شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار سانتاکروز قبرستان میں دفن، سائرہ بانو کا رو رو کر برا حال

انل کپور، کرن جوہر، شرد پوار، چھگن بھجبل، شاہ رخ خان، دھرمیندر جیسی فلمی و سیاسی ہستیوں نے دلیپ کمار کے گھر پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا اور اس غم کے موقع پر سائرہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

تصویر ٹوئٹر@Qadrisyedrizwan
تصویر ٹوئٹر@Qadrisyedrizwan
user

تنویر

بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹار اور شہنشاہِ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار یعنی یوسف خان ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جوہو واقع سانتا کروز قبرستان میں دفن ہو گئے ہیں۔ 7 جولائی کی صبح دلیپ کمار کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد ان کے چاہنے والوں، رشتہ داروں اور دوستوں پر جو غم کا پہاڑ ٹوٹا اس کا بیان ممکن نہیں، لیکن ان کی بیوی سائرہ بانو کو سب سے زبردست دھچکا لگا ہے جنھوں نے اپنا ہر لمحہ دلیپ کمار کے لیے وقف کر دیا تھا۔ آج دن بھر سائرہ بانو کا رو رو کر برا حال رہا۔ کبھی شاہ رخ خان انھیں سمجھاتے اور ہمت دلاتے نظر آئے، تو کبھی وہ خود کو دلیپ کمار کی آخری رسومات کے لیے مضبوط بناتی ہوئی نظر آئیں۔ سانتاکروز قبرستان میں تدفین سے قبل جب سائرہ بانو نے دلیپ کمار کو آخری سلام پیش کیا تو ایسا لگا جیسے ان کا سب کچھ لٹ گیا ہے۔

دلیپ کمار کی آخری رسومات آج سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو ہندوستانی پرچم میں لپیٹا گیا اور جب انھیں کھار واقع ان کی رہائش سے سانتاکروز قبرستان کی طرف لے جایا جا رہا تھا تو ایمبولنس پر سوار کرنے سے پہلے انھیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وہاں موجود سبھی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو چھلک پڑے۔


آج صبح سے ہی کھار واقع دلیپ کمار کی رہائش پر بڑی بڑی ہستیوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ انل کپور، کرن جوہر، شرد پوار، چھگن بھجبل، شاہ رخ خان، دھرمیندر جیسی فلمی و سیاسی ہستیوں نے دلیپ کمار کے گھر پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا اور اس غم کے موقع پر سائرہ بانو کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ کورونا بحران کے پیش نظر وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں نے صرف معروف ہستیوں اور قریبی رشتہ داروں و احباب کو ہی ملنے کا موقع فراہم کیا۔ قبرستان میں بھی پولیس نے بیریکیڈنگ کر رکھی تھی تاکہ لوگوں کی زیادہ بھیڑ جمع نہ ہو سکے۔ کئی لوگوں نے قبرستان میں ہی دلیپ کمار کا آخری دیدار کیا، اور ان میں امیتابھ بچن و ان کے بیٹے ابھشیک بچن بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔