دلیپ کمار کو کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ بہت محبت تھی: فاروق عبداللہ
فاروق عبداللہ کہنا تھا کہ ’آج صبح بہت ہی افسوس ناک خبر سنی کہ دلیپ کمار صاحب دنیائے فانی سے چل بسے، وہ بہت ہی نیک آدمی تھے اور ان کا نہ فلم انڈسٹری میں کوئی مقابلہ ہے اور نہ ہی انسانیت میں ہے‘۔
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بالی ووڈ کے معروف ادا کار دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ادا کار کو کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ بے پناہ محبت تھی۔ انہوں نے کہا کہ دلیپ کا کمار کا کوئی ثانی نہ ہی فلم انڈسٹری میں تھا اور نہ ہی انسانیت میں ان کی جیسی کوئی دوسری مثال ہے۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج صبح بہت ہی افسوس ناک خبر سنی کہ دلیپ کمار صاحب دنیائے فانی سے چل بسے، وہ بہت ہی نیک آدمی تھے اور ان کا نہ فلم انڈسٹری میں کوئی مقابلہ ہے اور نہ ہی انسانیت میں ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں : دلیپ کمار، جان جاتی ہے جس کے جانے سے
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مرحوم اداکار کو کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ بے حد محبت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’انہیں کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ بے پناہ محبت تھی وہ کئی بار یہاں آئے اور ہر بار یہی کہتے تھے کہ میں چاہتا ہوں کہ کچھ یہاں کروں لیکن موقع نہیں ملا’۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ویڈیو بیان میں مرحوم کے لواحقین خاص کران کی بیگم کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔
بتادیں کہ دلیپ کمار بدھ کی صبح ساڑھے سات بجے ممبئی کے ہندو جا ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ 98 برس کے تھے۔ انہیں بدھ کی شام پانچ بجے جوہو قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ پاکستان کے شہر پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو جنم لینے والے دلیپ کمار غالباً 1935 میں کاروبار کے سلسلے میں ممبئی چلے آئے۔ ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔
دلیپ کمار نے 22 برس کی عمر سے فلمی دنیا میں اپنے کیرئر کا آغاز کیا اور 6 دہائیوں پر مشتمل اس کیرئر میں انہوں نے 65 سے زیادہ فلموں میں اپنی ادا کاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی یاد گار فلموں میں شہید، مغل اعظم، میلہ، دنیا کے پار، بابل، فٹ پاتھ، دیوداس، نیا دور، گنگا جمنا وغیرہ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔