’دلیپ صاحب ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے‘ شہنشاہ جذبات کے انتقال پر اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کا 98 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ صدر جمہوریہ، وزیر اعظم سمیت ملک کی اہم شخصیات نے دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دلیپ کمار/ ٹوئٹر
دلیپ کمار/ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ہندوستان کے عظیم فنکار اور شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کا 98 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور آج شام 5 بجے ممبئی کے قبرستان میں ان کی تدفین کی جائے گی۔ صدر جمہوریہ، وزیر اعظم سمیت ملک کی اہم شخصیات نے دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دلیپ صاحب ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، صدر رام ناتھ کووند

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے دلیپ کمار کی وفات پر جاری اپنے پیغام میں کہا، ’’دلیپ کمار نے اپنی شخصیت سے ابھرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخ کا خلاصہ کیا۔ ان کی دلکش اداکاری نے تمام حدود کو عبور کر لیا اور برصغیر بھر میں انہیں پسند کیا گیا۔ ان کے انتقال کے ساتھ ہی ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ دلیپ صاحب ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ اہل خانہ اور ان کے بے شمار مداحوں سے میری تعزیت۔‘‘


دلیپ کمار کو نسل در نسل پسند کیا گیا، وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا، ’’دلیپ کمار صاحب سینما کے لیجنڈ کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔ وہ بے مثال مہارت کے حامل تھے، جس کی وجہ سے لوگوں نے نسل در نسل انہیں پسند کیا۔ ان کی وفات سے ہماری ثقافتی دنیا کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور بے شمار مداحوں سے میری تعزیت۔‘‘

دلیپ کمار کو آنے والی نسلیں بھی یاد کیا کریں گی، راہل گاندھی

دلیپ کمار کے انتقال پر اہم شخصیات تعزیتی پیغام جاری کر رہی ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دلیپ کمار کی ہندوستان سنیما میں کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’دلیپ کمار صاحب کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے میری دلی تعزیت۔ ہندوستانی سینما کے لئے ان کے غیر معمولی تعاون کو آنے والی نسلیں یاد کیا کریں گی۔‘‘


کیجریوال نے دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بالی ووڈ کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کیجریوال نے اپنے تعزیتی پیغامات کو ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے کہا، "ہندی فلم کے مشہور اداکار دلیپ کمار جی کا انتقال بالی ووڈ کے ایک باب کا اختتام ہے۔ یوسف صاحب کی عمدہ اداکاری آرٹ کی دنیا کی یونیورسٹی کی طرح تھی۔ وہ ہم سب کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ خدا مرحوم کی روح کو سکون دے، دلی خراج عقیدت۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار کافی دنوں سے علیل چل رہے تھے اور ان کا ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ کچھ دن پہلے ان کے شفایاب ہونے کے بعد انہیں گھر لے جایا گیا تھا۔ تاہم ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہو گئی اور انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں کئی دن تک وہ آئی سی یو میں داخل رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔