یوپی میں محکمہ بجلی کی ایس ایم ایس اور کنکشن-ری کنکشن پر چارج وصول کرنے کی تیاری، صارفین پر بڑھے گا بوجھ

یوپی میں محکمہ بجلی اسمارٹ پری پیڈ میٹر صارفین سے میسج الرٹس اور کنکشن-ری کنکشن پر فیس وصولنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے صارفین کو زائد پیسے چکانے ہوں گے۔ کنزیومر کونسل نے اس منصوبے کی مخالفت کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بجلی سپلائی، علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

بجلی سپلائی، علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں محکمہ بجلی نے صارفین سے زائد پیسے کی وصولی کے لیے ایک نیا منصوبہ بنایا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسمارٹ پری پیڈ میٹر صارفین سے میسج الرٹس اور کنکشن-ری کنکشن پر فیس وصول کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پاور کارپوریشن کی طرف سے دی گئی تجویز کے مطابق اسمارٹ پری پیڈ میٹر کنکشن کو جوڑنے اور منقطع کرنے پر 50 روپے فیس وصول کی جائے گی، جبکہ ایس ایم ایس بھیجنے کے لیے 10 روپئے لیے جائیں گے۔

کارپوریشن کی جانب سے فی الحال ری چارج ختم ہونے کے بعد بجلی منقطع ہونے کا ایس ایم ایس بھیجنے اورکنکشن-ری کنکشن کے لیے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ہے۔ ریاستی بجلی صارف کونسل نے پاور کارپوریشن کی اس تجویز کی مخالفت کی ہے۔ کنزیومر کونسل کے صدر اودھیش ورما نے کہا ہے کہ پاور کارپوریشن نے جن دونوں سہولیات پر چارجز لگانے کی تجویز دی ہے وہ سسٹم جنریٹڈ ہیں۔ ایسی صورت میں ان سے چارجز کیسے وصول کیے جا سکتے ہیں۔ ملک میں کہیں بھی ایس ایم ایس الرٹس کے لیے 10 روپے چارج نہیں کیے جاتے ہیں۔ ری کنکشن اور منقطع ہونے پر فیس ادا کی جاتی ہے کیونکہ محکمہ کو کنکشن منقطع کرنے اور جوڑنے کے لیے ایک سیڑھی اٹھانی پڑتی ہے، جس کے لیے افراد درکار ہوتے ہیں۔ جبکہ اسمارٹ پری پیڈ میٹرز میں دوبارہ کنکشن اور منقطع آن لائن ہوتا ہے، اس میں افرادی قوت درکار نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقایا جات کی صورت میں کنکشن منقطع کرنے سے قبل صارف کو 15 دن کا تحریری نوٹس دینے کا انتظام ہے۔


واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر اعلیٰ یوگی نے بجلی بل کے معاملے پر کہا تھا کہ بجلی کا بل ہر صارف کے گھر وقت پر اور بغیر کسی پریشانی کے پہنچنا چاہیے۔ اس کے لیے میٹر ریڈر کو جوابدہ بنانا بہت ضروری ہے۔ صارفین کو او ٹی ایس کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ وہ بقایا بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں دستیاب سہولت سے بخوبی واقف ہوں۔ بجلی کے بل کے نام پر صارفین کو کسی صورت تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم نے اپنے پہلے پانچ سال انفراسٹرکچر کی ترقی میں صرف کیے، اب ہمیں معیار کو برقرار رکھنے پر پورا زور دینا ہو گا۔ اس کے برخلاف دوسری جانب محکمہ بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔