انتخابی ریاستوں کو ملنے والی ہے 9 وندے بھارت ٹرینوں کی سوغات!
ریلوے ذرائع کے مطابق وندے بھارت ٹرین بنانے والی چنئی کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں کم از کم 9 ٹرینیں بن کر تیار ہیں، ان 9 ٹرینوں میں سب سے زیادہ تین ٹرینیں جنوبی ریلوے کو الاٹ کی گئی ہیں۔
کچھ ریاستوں میں رواں سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، اور کچھ ریاستوں میں آئندہ سال کے شروع میں۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے کچھ ریاستوں کے لیے انتخابی سوغات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس دوران خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ انتخابی ریاستوں کے لیے 9 وندے بھارت ٹرینیں بن کر تیار ہیں اور جلد ہی ان کے افتتاح کی تاریخی سامنے آ سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان وندے بھارت ٹرینوں کی سوغات انتخابی ریاست مدھیہ پردیش اور راجستھان کے علاوہ اڈیشہ کو بھی مل سکتی ہے۔ ریلوے ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ وندے بھارت ٹرین بنانے والی چنئی کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں کم از کم 9 ٹرینیں بن کر تیار ہیں۔ ان 9 ٹرینوں میں سب سے زیادہ تین ٹرینیں جنوبی ریلوے کو الاٹ کی گئی ہیں۔ تین وندے بھارت ٹرینیں پہلے سے ہی اس زون میں چل رہی ہیں۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تیار 9 وندے بھارت ٹرینوں کے افتتاح کی تاریخوں سے متعلق ریلوے ابھی غور کر رہا ہے۔ وزارت ریل ایک بڑے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے۔ اس میں وزیر اعظم بھی شریک ہو سکتے ہیں۔ ریلوے ایک عظیم الشان تقریب کے ذریعہ سبھی ٹرینوں کو ایک ساتھ شروع کر سکتا ہے۔
ریلوے نے بھلے ہی ابھی نئی وندے بھارت ٹرینوں کے روٹ سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے دو ٹرینیں جئے پور-اندور اور جئے پور-اودے پور کے لیے مختص کی جا سکتی ہیں۔ جئے پور-اندور وندے بھارت ٹرین کے بارے میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ نیمچ کے راستے ہو کر گزرے گی۔ ان دونوں روٹ کو وندے بھارت ٹرینیں ملنے کی امید اس لیے بھی ہے کیونکہ ان دونوں ریاستوں میں رواں سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے اودے پور، نیمچ اور اندور کے ریلوے اسٹیشنوں کا دورہ بھی کیا تھا۔
مذکورہ بالا روٹ کے علاوہ ایسٹ کوسٹ ریلوے کو الاٹ ایک ٹرین اڈیشہ کے پوری اور راؤرکیلا میں چلنے کا امکان ہے۔ اڈیشہ کی پہلی وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے دوران ہی وزیر ریل اشونی ویشنو نے کہا تھا کہ جلد ہی ایک ٹرین راؤرکیلا کو بھی ملے گی۔ اڈیشہ میں بھی 2024 میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔ ایسے میں مرکزی حکومت اڈیشہ کو اس ٹرین کی سوغات دینے جا رہی ہے تو اس میں کوئی حیرانی نہیں۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے کو سونپی گئی ٹرینوں میں سے ایک ٹرین پٹنہ-ہوڑہ روٹ کے درمیان چلائی جا سکتی ہے۔ حال ہی میں اس روٹ پر ٹرائل جامتاڑا اور آسنسول میں اسٹاپیج کے ساتھ کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔