ایم سی ڈی زونل اور اسٹینڈنگ کمیٹی کا انتخاب طے وقت پر ہوگا، دہلی ہائی کورٹ نے انتخاب ملتوی کرنے کی عرضی خارج کی

نامزدگی کی تاریخی 30 اگست پر سوال اٹھاتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے چاروں کونسلر نے عدالت میں عرضی داخل کی تھی۔

دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی
دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے زونل کمیٹی اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کو ملتوی کرنے والی عرضی کو آج دہلی ہائی کورٹ نے خارج کر دیا۔ یہ عرضی عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کونسلرز نے داخل کی تھی۔ جسٹس پروشیندر کورو کی بنچ کا کہنا ہے کہ میونسپل سکریٹری کے نوٹس پر مداخلت کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

عرضی دہندگان (عآپ کونسلرز تلوتما چودھری، آشو ٹھاکر، رمیش چندر اور پریم چوہان) کی طرف سے پیش وکیل عدنان یوسف نے کہا کہ 18 ماہ کی تاخیر کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن میں وارڈ کمیٹی اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن 28 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وارڈ کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ساتھ ہی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کا انتخاب 4 ستمبر کو ہونا ہے۔ ان انتخابات کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ آج یعنی 30 اگست ہے۔


نامزدگی کی تاریخ پر سوال اٹھاتے ہوئے عآپ کے چاروں کونسلرز نے عرضی داخل کی تھی۔ دہلی کے ڈابڑی وارڈ سے میونسپل کونسلر تلوتما چودھری نے عرضی میں کہا تھا کہ 28 اگست کو وارڈ کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا نوٹس انھیں ملا۔ 30 اگست کو نامزدگی کی آخری تاریخ ہے۔ فی الحال وہ دہلی سے باہر ہیں۔ اس طرح اتنے کم وقت میں وہ کارپوریشن کے اہم عہدوں پر نامزدگی کے لیے نہیں پہنچ سکتی ہیں۔ ایسے میں اس انتخاب کے عمل کو ملتوی کیا جائے، اگر ایسا نہیں ہتا ہے تو یہ جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ دن ہوگا۔ حالانکہ اس عرضی کو دہلی ہائی کورٹ نے خارج کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔