الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو جاری کیا نوٹس، یوپی کے ووٹروں کو دی تھی دھمکی
راجہ سنگھ نے ویڈیو جاری کرکے یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی کہنا ہوگا، نہیں تو ریاست چھوڑ کر بھاگنا ہوگا۔
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے اترپردیش کے رائے دہندگان کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حق میں ووٹ دینے کے لئے مبینہ طور پر دھمکانے پر تلنگانہ کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے بدھ کو رجہ سنگھ کو وجہ بتاو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کے انتخابی ضابطہ اخلاق، تعزیرات ہند اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعات کی پہلی نظر میں خلاف ورزی کی ہے۔
کمیشن نے اس ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں راجہ سنگھ مبینہ طور پر رائے دہندگان کو دھمکاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کمیشن نے نوٹس میں لکھا کہ 24 گھنٹے کے اندر راجہ سنگھ اپنی وضاحت دیں، نہیں تو کمیشن ان کے خلاف مناسب کارروائی کرے گا۔
خیال رہے کہ راجہ سنگھ نے 15 فروری کو ایک ویڈیو جاری کرکے اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی کہنا ہوگا، نہیں تو ریاست چھوڑ کر بھاگنا ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جو لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے، ان سے کہوں گا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہزاروں جے سی بی بلڈوزر منگوا لئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔