مہاراشٹر اور اروناچل پردیش میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر پیمانے پر شدت 4.5 اور 3.7
مہاراشٹر میں ریکٹر اسکیل پر 4.5 شدت کا زلزلہ آیا، جبکہ اروناچل پردیش میں 3.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ اب تک جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے
ممبئی: مہاراشٹر اور اروناچل پردیش جمعرات (21 مارچ) کی صبح زلزلے سے لرز اٹھے۔ قومی زلزلہ پیما مرکز نے کہا ہے کہ ملک کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 تھی، جب کہ شمال مشرق میں اروناچل میں آنے والے زلزلے کی شدت 3.7 تھی۔ زلزلے سے ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز مہاراشٹر کے ہنگولی میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے صبح 6.08 پر محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.5 ناپی گئی۔ 4 سے 4.9 کی شدت والے زلزلے کو ہلکے زلزلے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر میں جو زلزلہ آیا وہ ہلکی شدت کا تھا لیکن اس کی وجہ سے لوگوں کے ذہنوں میں خوف ضرور پیدا ہوا۔ کچھ لوگ زلزلے کے جھٹکے محسوس کر کے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے پہلے جھٹکے اروناچل پردیش میں محسوس کیے گئے۔ ملک کی شمال مشرقی ریاست میں چند گھنٹوں کے وقفے سے دو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ پہلا جھٹکا جمعرات کو دیر رات گئے ایک بج کر 49 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے مغربی کامینگ میں لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ اس کا مرکز 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔
اسی دوران دو گھنٹے بعد اروناچل پردیش ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا۔ ریاست میں صبح 3.40 بجے زلزلے کی اطلاع ملی۔ اس زلزلے کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز مغربی کامینگ تھا۔ اس زلزلے کے مرکز کی گہرائی 5 کلومیٹر تھی۔ ایسے زلزلے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3 سے 3.9 کے درمیان ہوتی ہے، معمولی زلزلے کہلاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ابھی تک جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔