آخری مرحلہ کی ووٹنگ کے دوران شرد پوار نے اٹھایا بڑا قدم، پی سی چاکو کو بنایا پارٹی کا قومی کارگزار صدر
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی- شردچندر پوار کے صدر شرد پوار نے لوک سبھا انتخاب کی ووٹ شماری سے چند روز قبل پی سی چاکو کو قومی کارگزار صدر مقرر کیا ہے اور راجیو جھا کو قومی جنرل سکریٹری بنایا ہے۔
ایک طرف لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے، اور دوسری طرف نیشنلسٹ کانگریس پارٹی- شردچندر پوار (این سی پی-ایس پی) کے قومی صدر شرد پوار نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ لوک سبھا انتخاب کی ووٹ شماری 4 جون کو ہونی ہے، اور اس سے چند روز قبل انھوں نے پی سی چاکو کو پارٹی کا قومی کارگزار صدر بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے راجیو جھا کو قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔ مہاراشٹر کی سیاست میں شرد پوار کے اس فیصلے کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پی سی چاکو کیرالہ کی تریشور لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ کچھ مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے 10 مارچ 2021 کو استعفیٰ دینے تک وہ کانگریس کے رکن تھے۔ چاکو کی ایک طویل سیاسی تاریخ رہی ہے۔ انھوں نے انڈین یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر کی شکل میں کام کیا ہے اور پارٹی کے اندر کئی اہم عہدوں کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ 2021 میں چاکو این سی پی میں شامل ہو گئے اور اب وہ این سی پی-ایس پی کی کیرالہ ریاستی یونٹ کے صدر کی شکل میں کام کر رہے ہیں۔
بہرحال، لوک سبھا انتخاب میں انڈیا اتحاد کی پارٹیاں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ انڈیا اتحاد میں شامل شرد پوار بھی کئی بار میڈیا کے سامنے مودی حکومت کے خاتمہ کا دعویٰ کر چکے ہیں اور غالباً لوک سبھا انتخاب کے نتائج کو لے کر بڑھنے والی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے انھوں نے پارٹی کے لیے قومی کارگزار صدر و قومی جنرل سکریٹری کی تقرری کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔