کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’انڈیا‘ اتحاد کا اجلاس کیا طلب، آئندہ کی حکمت عملی پر ہوگا غور و خوض

لوک سبھا کی 57 سیٹوں کے لئے جاری ووٹنگ کے درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 'انڈیا' اتحاد کا اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس آج یعنی ہفتہ یکم جون کو دہلی میں کانگریس صدر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا

<div class="paragraphs"><p>اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ</p></div>

اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا کی 57 سیٹوں کے لئے ہفتہ کو جاری ووٹنگ کے درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 'انڈیا' اتحاد کا اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس آج یعنی ہفتہ یکم جون کو دہلی میں کانگریس صدر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔ اجلاس ہفتہ کو سہ پہر 3 بجے کے بعد شروع ہونا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر بات ہوگی کہ انتخابات کے بعد انڈیا الائنس کی حکمت عملی کیا ہونی چاہیے۔

کانگریس نے کہا ہے کہ اتحاد کے تمام سینئر لیڈر اس میں حصہ لیں گے۔ تاہم مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی۔ ممتا بنرجی کے علاوہ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن بھی انڈیا الائنس کی اس میٹنگ سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں۔ تاہم ان کی جگہ ان کی پارٹی کے سینئر اراکین اجلاس میں ان کی نمائندگی کریں گے۔


ہفتہ کو انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے مغربی بنگال کی کئی سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ممتا بنرجی دہلی نہیں آ رہی ہیں۔ اگر ووٹنگ کی بات کریں تو انڈیا اتحاد کے اتحادیوں سے وابستہ کئی ریاستوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ساتویں مرحلے میں بہار میں بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ بہار سے راشٹریہ جنتا دل (تیجسوی یادو) انڈیا اتحاد کا ایک اہم حصہ ہے۔

پنجاب کی تمام لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب میں بھرپور مہم چلا رہے تھے۔ عام آدمی پارٹی نے پنجاب کی تمام سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ عام آدمی پارٹی بھی انڈیا اتحاد کا حصہ ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ہونے والی انڈیا الائنس کی میٹنگ میں شرد پوار، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، تیجسوی یادو، فاروق عبداللہ اور انڈیا الائنس کے کئی دوسرے رہنما شرکت کر سکتے ہیں۔


دریں اثناء کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کی امید ظاہر کی ہے۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ 4 جون کو ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آج آخری مرحلہ ہے۔ ہفتہ کو پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔