کشمیر میں جمعرات سے موسم خشک رہنے کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں جمعرات سے موسم میں بہتری واقع ہوگی اور پھر 3 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔

کشمیر میں برفباری / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @NuraniWali
کشمیر میں برفباری / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @NuraniWali
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں سے رک رک کر ہونے والی برف و باراں کے بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں جمعرات سے موسم میں بہتری واقع ہوگی اور پھر 3 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے پہاڑیوں سے برفانی تودے گرنے کی صورت میں خبردار رہنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر وادی کشمیر کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ بدھ کو تیسرے روز بھی بند رہے۔


اس کے علاوہ شمالی کشمیر کے کیرن، کرناہ، ٹنگڈار اور مژھل قصبوں سمیت درجنوں دور افتادہ دیہات بدھ کو تیسرے روز بھی وادی کے دوسرے علاقوں سے منقطع رہے جبکہ ضلع بانڈی پورہ کے قصبہ گریز اور اس کے ملحق علاقہ جات کا وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ 14 نومبر سے رابطے منقطع ہیں۔

تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھلی ہے۔ وادی کشمیر میں گزشتہ دو دنوں سے رک رک کر برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ درج ہوا ہے۔


وادی میں بدھ کے روز بھی جہاں مطلع ابر آلود رہا وہیں بالائی علاقوں میں رک رک کر ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تاہم مطلع ابر آلود رہنے سے رات کے درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔

اس دوران شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔


گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکرناگ کا کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔