ممبئی ایئرپورٹ پر ایک شخص کے پیٹ میں چھپا تھا 13 کروڑ روپے کا ڈرگس، گرفتار
پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عین گنیش اُتسو کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ڈرگس لانے کا مقصد کیا تھا، ملزم سے مزید پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور ممبئی ایئرپورٹ پرحفاظتی انتظامات بھی سخت کر دیئے گئے ہیں
ڈرگس کی اسمگلنگ کے لیے آج کل لوگ طرح طرح کے طریقے استعمال کرتے ہیں۔ کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے ممبئی میں ایک شخص کے پاس سے کوکین کے 87 کیپسول ضبط کیے ہیں جو اس نے پیٹ میں چھپائے ہوئے تھے۔ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً 13 کروڑ روپے کی قیمت کا ڈرگس ضبط کیا گیا ہے، اور اس بڑے ذخیرے میں کوکین کی بڑی تعداد بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے پاس سے 87 کیپسول برآمد ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹ کے اندر 13 کروڑ روپے کے کوکین کے 87 کیپسول ملزم نے چھپا رکھے تھے جب ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ممبئی کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے اسے پکڑا۔ ملزم کو گرفتار کر اس سے پوچھ تاچھ شروع کی جا چکی ہے۔ یہ ملزم گھانا کا رہنے والا ہے جس کے پاس سے 1300 گرام کوکین برآمد ہوئی ہے۔ ملزم کو 28 اگست کو ہی پکڑا گیا تھا اور اس سے جب پوچھ تاچھ کی گئی تو پیٹ میں کیپسول کی بات سامنے آئی۔ پھر اسے اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تین دنوں کے اندر ملزم کے پیٹ سے 87 کیپسول نکالے گئے۔
یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عین گنیش اُتسو کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ڈرگس لانے کا مقصد کیا تھا۔ ملزم سے مزید پوچھ تاچھ بھی کی جا رہی ہے اور ممبئی ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات بھی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ چونکہ نوراتری کا تہوار نزدیک ہے، اس لیے پولیس کسی بھی طرح کی ڈھیل نہیں دینا چاہتی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔