’ہائیوے کو پارکنگ تصور نہ کریں، ٹریکٹر ہٹائیں‘، شمبھو بارڈر پر موجود کسانوں کو سپریم کورٹ نے لگائی پھٹکار

عدالت نے پنجاب حکومت سے مظاہرین کسانوں کو شمبھو بارڈر پر سڑک سے ٹریکٹر ہٹانے کے لیے سمجھانے کو کہا، عدالت نے کہا کہ شاہراہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

شمبھو بارڈر پر جمع ہو کر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں کو آج سپریم کورٹ نے پھٹکار لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شاہراہ کو پارکنگ تصور نہ کریں اور وہاں سے ٹریکٹر ہٹائیں۔ عدالت عظمیٰ نے شمبھو بارڈر کو جزوی طور پر کھولنے کا حکم صادر کرتے ہوئے آج یہ بیان دیا۔

پیر کے روز اس معاملے پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ بارڈر کو خواتین اور بچوں کے لیے کھول دینا چاہیے۔ اس کے علاوہ ایمبولنس، ضروری خدمات اور مقامی مسافروں کی آمد و رفت کے لیے شمبھو بارڈر پر سڑک کو جزوی طور سے کھولنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے بھی یہ کہا ہے کہ وہ کسانوں سے بات کرے اور انھیں شمبھو بارڈر سے ٹریکٹر کو ہٹانے کے لیے رضامند کرے۔


بنچ نے حکومت پنجاب سے مظاہرین کسانوں کو شمبھو بارڈر پر سڑک سے ٹریکٹر ہٹانے کے لیے سمجھانے کی ہدایت دی اور کہا کہ شاہراہ گاڑیوں کی پورکنگ کے لیے نہیں ہے۔ عدالت عظمیٰ نے شمبھو بارڈر کو جزوی طور پر کھولنے کے لیے پنجاب و ہریانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرلس سے ایک ہفتہ میں پڑوسی اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت بھی دی۔

بنچ نے آج ہوئی سماعت کے دوران شمبھو بارڈر پر مظاہرین کسانوں سے بات چیت کرنے کے مقصد سے مجوزہ کمیٹی کے لیے غیر سیاسی نام بتانے کے واسطے پنجاب و ہریانہ حکومتوں کی تعریف کی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ شمبھو بارڈر پر مظاہرہ کر رہے کسانوں سے بات چیت کرنے کے لیے تشکیل کی جانے والی کمیٹی کی شرائط پر مختصر حکم جاری کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔