’اِدھر اُدھر کی بات نہ کریں، یہ بتائیں کہ لوٹ بند کب ہوگی‘
پرینکا گاندھی نے مہنگائی کو لے کر بی جے پی حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور واضح لفظوں میں پوچھا ہے کہ اِدھر اُدھر کی بات کرنے کی جگہ یہ بتائیں کہ عوام سے یہ لوٹ کب بند ہوگی۔
لگاتار بڑھتی مہنگائی کے خلاف کانگریس نے ملک بھر میں تحریک چھیڑ رکھی ہے۔ کانگریس کے لیڈران و کارکنان جہاں ایک طرف سڑکوں پر اتر کر مودی حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں، وہیں سرکردہ کانگریس لیڈران سوشل میڈیا سائٹس پر بھی مہنگائی کے خلاف مہم چھیڑے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی لگاتار آواز بلند کر رہی ہیں۔ انھوں نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں ایک بار پھر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہنگائی پر حکومت سے ایک سیدھا سوال- آپ اِدھر اُدھر کی بات نہ کریں، یہ بتائیں کہ یہ لوٹ بند کب ہوگی۔‘‘
اپنے ٹوئٹر میں پرینکا گاندھی نے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی بڑھ رہی پریشانی کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’رسوئی کا بجٹ، کھیت کی لاگت، ڈھلائی کا خرچ بڑھنے سے سماج کا ہر طبقہ پریشان ہے اور عوام کو راحت ملنے تک کانگریس پارٹی کی سڑکوں پر جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘ ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے کچھ تصویریں بھی لگائی ہیں جس میں کانگریس لیڈران و کارکنان مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر اتر کر دھرنا و مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
دراصل منگل کے روز مہنگائی کے ایشو پر یو پی کانگریس لیڈران و کارکنان نے سڑک پر اتر کر زوردار مظاہرہ کیا۔ یو پی کے کئی حصوں میں کانگریس کارکنان مہنگائی کو لے کر مظاہرہ کرتے اور مرکزی و یو پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ مظاہرہ کے لیے کانگریس کارکنان کہیں بیل گاڑی سے پہنچے تھے، تو کہیں رکشہ سے۔ مظاہرین پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ اگر قیمتوں میں لگاتار اضافہ جاری رہا تو احتجاجی مظاہرے میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔