بہار: آبادی کنٹرول قانون پر این ڈی اے میں نااتفاقی، کئی لیڈروں کی رائے وزیر اعلیٰ سے مختلف

اتر پردیش حکومت کے ذریعہ آبادی کنٹرول قانون لانے کی کوششوں کے بعد بہار کی سیاست میں بھی گرمی پیدا ہو گئی ہے۔ بہار میں اس قانون کو لے کر برسراقتدار این ڈی اے میں زبردست نااتفاقی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں یوگی حکومت کے ذریعہ آبادی کنٹرول قانون لانے کی کوششوں کے بعد بہار کی سیاست میں بھی گرمی پیدا ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ بہار میں اس قانون کو لے کر برسراقتدار این ڈی اے میں بھی نااتفاقی دیکھنے کو مل رہی ہے، جب کہ جنتا دل یو لیڈروں کی آوازیں بھی اس سلسلے میں ایک دوسرے سے الگ الگ ہیں۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آبادی کنٹرول کو لے کر پیر کے روز اپنا نظریہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے لیے قانون لانا ضروری نہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’آبادی کنٹرول کے لیے قانون لانے سے بہت زیادہ فائدہ نہیں ہونے والا۔ اس کے لیے خواتین کو خواندہ اور بیدار کرنا ضروری ہے۔‘‘ حالانکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’الگ الگ ریاستوں کی اپنی اپنی سوچ ہے۔ جو کرنا چاہیں کریں، لیکن ہماری رائے یہ ہے کہ صرف قانون بنانے سے آبادی کنٹرول نہیں ہوگی۔ ہماری سوچ سبھی طبقات پر کام کرے گی۔‘‘


اِدھر جنتا دل یو لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے بھی آبادی کنٹرول قانون کی حمایت کی ہے۔ حالانکہ انھوں نے اس کے لیے مشورہ کی بات بھی کہی ہے۔ کشواہا نے کہا کہ ’’وقت کے مطابق بہار میں بھی ایسے قانون کی ضرورت بڑھ گئی ہے کیونکہ جس طرح سے آبادی بڑھ رہی ہے اس کا اثر ترقی پر نظر آئے گا۔ ریاستی حکومت کو بھی مشورہ کر کے اس قانون کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

اس درمیان بہار کی نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی کے نظریات وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے نظریات سے کافی مختلف ہیں۔ رینو دیوی کہتی ہیں کہ ’’آبادی کنٹرول کے لیے خواتین سے زیادہ مردوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مردوں میں نس بندی کو لے کر کافی خوف دیکھا جاتا ہے۔‘‘


دوسری طرف اس بحث میں کانگریس بھی شامل ہو گئی ہے۔ پارٹی کے میڈیا سیل کے چیئرمین راجیش راٹھوڑ نے کہا کہ ’’کانگریس پہلے سے ہی آبادی کنٹرول کے لیے بیداری مہم چلاتی رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی بیدار کرنے کی بات کر رہے ہیں، جس کا ہم استقبال کرتے ہیں۔‘‘ راٹھوڑ نے حالانکہ یہ بھی پوچھا کہ نتیش کمار کا یہ نجی بیان ہے یا جنتا دل یو کا بیان، کیونکہ جنتا دل یو لیڈر کشواہا کا بیان اس معاملے میں وزیر اعلیٰ سے میل نہیں کھاتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔