’دیوگوڑا نے پوتے ریونّا کو بھگا دیا‘، وزیر اعلیٰ سدارمیا نے پی ایم مودی کو لکھا خط، پاسپورٹ رد کرنے کا مطالبہ
کرناٹک کے ہاسن پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ 26 اپریل کو ریاست میں ہوئے پہلے مرحلہ کی پولنگ ختم ہونے کے وہ بعد بیرون ملک فرار ہو گئے۔
پرجول ریونّا کے مبینہ سیکس اسکینڈل کا معاملہ لگاتار سرخیوں میں ہے۔ اس تعلق سے اب کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دیوگوڑا نے اپنے پوتے کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد کی۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں پرجول ریونّا کا پاسپورٹ رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریونّا پر سیکس اسکینڈل کا الزام لگنے کے بعد اس کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ہاسن پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ ریونّا اس سیکس اسکینڈل معاملہ میں کلیدی ملزم ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ 26 اپریل کو جب ریاست میں پہلے مرحلہ کی پولنگ ہوئی، تو اس کے فوراً بعد وہ بیرون ممالک فرار ہو گئے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی بھاگ گئے ہیں۔ اس معاملے میں وزیر اعلیٰ سدارمیا نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’’بیرون ملک کے پاسپورٹ اور ویزا کون دیتا ہے؟ کیا وہ مرکزی حکومت کی جانکاری کے بغیر جا سکتے ہیں؟ یہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا ہی تھے جنھوں نے منصوبہ بنا کر انھیں بیرون ملک بھیجا۔‘‘
دراصل وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک انتخابی ریلی کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ ریاستی حکومت نے انھیں (ریونّا کو) بھاگنے کی اجازت دی تھی۔ اس پر وزیر اعلیٰ سدارمیا نے امت شاہ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ اگر بی جے پی ’ماتری شکتی‘ (خواتین) کی حامی تھی تو ان کی پارٹی نے اپنے اتحادی امیدوار کو ٹکٹ کیوں دیا؟ جبکہ بی جے پی کو پہلے سے ہی اس ویڈیو کی جانکاری تھی۔ سب کچھ جاننے کے باوجود بی جے پی نے اس (جے ڈی ایس) پارٹی کے ساتھ اتحاد کیوں کیا؟
وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی کے شیوکمار کا نام بھی اس معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے، جبکہ ان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ چل رہی ہے اور حقائق جلد ہی سامنے آ جائیں گے۔ جانچ میں شفافیت ہوگی اور ان کی پارٹی ایس آئی ٹی جانچ میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس پورے معاملے میں وزی راعظم مودی کو خط لکھ کر گزارش کی ہے کہ وہ وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے کہہ کر ریونّا کا پاسپورٹ رد کروائیں اور ان کی واپسی کو یقینی بنائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔