’دنیا کی تمام قومیں آپسی اختلاف کے باوجود مسلمانوں کے خلاف متحد‘: مولانا حلیم اللہ قاسمی
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ملک کے حالات اب ایسے بن گئے ہیں کہ راستہ چلتے آپ کو پکڑ لیا جائے گا اور مختلف دفعات لگادی جائیں گی اور آپ یا آپ کے متعلقین کچھ بھی نہیں کرپائیں گے۔
دھولیہ /مہاراشٹر: دنیا کی تمام قومیں اپنے لاکھ آپسی اختلاف کے باوجود مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔ دنیا کی ایسی دو قومیں جن کے درمیان مذہبی اعتبار سے بہت دوری ہے۔ لیکن یہ بھی مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔ ایسے حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں عوام کی بنسبت زیادہ ہو جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے دھولیہ میں منعقدہ اجلاس بعنوان ”مسلم معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل“ میں کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سنہ 2020: قدرت کا قہر، قیامت کے آثار!... ظفر آغا
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمایا کہ دنیا کی محبت نے ہماری آنکھوں پر پردہ ڈال رکھا ہے۔ ہمارا معاشرہ جنگلی درندوں اور جانوروں کی طرح ہوگیا ہے، ہم اپنے مفاد کے لئے سب کچھ کر گزرتے ہیں۔ ہمیں معاشرہ کی تباہی کی کوئی فکر نہیں۔ کسی کے سر کی چادر کے چھن جانے کی پرواہ نہیں، کسی کے یتیم یا بیوہ ہونے کی فکر نہیں، ہم کو صرف اپنی دنیا عزیز ہے، اپنا مفاد عزیز ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ ملک کے حالات اب ایسے بن گئے ہیں کہ راستہ چلتے آپ کو پکڑ لیا جائے گا اور مختلف دفعات لگادی جائیں گی اور آپ یا آپ کے متعلقین کچھ بھی نہیں کرپائیں گے۔ اس لئے ہمیں حفاظت خود اختیاری کا پروگرام بنانا ہوگا، ترتیب بنانی ہوگی، لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔
مولانا نے یہ بھی فرمایا جو اللہ کے زیادہ مقرب ہوتا ہے اس کا امتحان اور آزمائش بھی اتنی ہی زیادہ سخت ہوتی ہے، ہر زمانے کے علماء نے امت کی اصلاح کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ فی الوقت ہندوستان میں بھی یہ امت ہر طرح کے داخلی و خارجی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ دین کی خدمت کے ساتھ معاشرے کے مسائل اور سارے چیلنجوں کا بھی مقابلہ کرنا آخری نبی کے امتی ہونے کے ناطے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے۔
اجلاس کا آغاز مولوی محمد شعیب حنیف صاحب قاسمی کی تلاوت کلام پاک اورمولوی محمد خالد کی نعت رسول ﷺ سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت مولانا ضیاء الرحمٰن صاحب قاسمی صدر جمعیۃعلماء شہر دھولیہ نے فرمائی۔ اجلاس کے اغراض و مقاصد کو مولانا ہلال احمد صاحب قاسمی نے بیان فرمایا۔ بعدہ ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر حضرت مفتی حفیظ اللہ قاسمی صاحب نے مختصر وقت میں نہایت قیمتی اور اثر انگیز خطاب فرمایا۔ مفسر قرآن، شیخ الحدیث مدرسہ سراج العلوم دھولیہ مولانا مختار احمد مدنی نے رقت انگیز دعا فرمائی اور محمدیوسف پاپا سر نے تمام ہی معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔