یوپی میں ڈینگو مریض کو پلازمہ کی جگہ چڑھایا گیا موسمی کا جوس، مریض کی موت

اتر پردیش میں ڈینگو کا قہر جاری ہے، اس کی زد میں آنے سے کئی مریضوں کی حالت خطرے میں ہے اور انھیں پلازمہ کی ضرورت پڑ رہی ہے، ایسے میں فرضی بلڈ بینکوں کی چاندی ہو گئی ہے۔

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے پریاگ راج میں ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈینگو کے ایک مریض کو مبینہ طور پر پلازمہ کی جگہ موسمی کا جوس چڑھا دیا گیا ہے۔ اس عمل سے مریض کی موت ہو گئی ہے۔ یہ کارنامہ ایک فرضی بلڈ بینک یونٹ کے ذریعہ انجام دیا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پریاگ راج کے ایک فرضی بلڈ بینک یونٹ کا پردہ فاش کرنے والی اس ویڈیو کو ایک مقامی صحافی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ دراصل ریاست میں ڈینگو کا قہر جاری ہے، جس کی زد میں آنے سے کئی مریضوں کی حالت خراب ہو رہی ہے اور انھیں پلازمہ چڑھانے کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ لیکن سرکاری اسپتالوں کی حالت کے سبب فرضی بلڈ بینکوں کی چاندی ہو گئی ہے اور وہ اسی طرح لوگوں کی جان سے کھیل رہے ہیں، کیونکہ انجان لوگوں کو پلازمہ اور موسمی دونوں کا رَس یکساں دکھائی دیتا ہے۔


اس معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے کہا کہ واقعہ کی جانچ چل رہی ہے اور جلد ہی ایک جانچ رپورٹ آنے کی امید ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاملے میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس درمیان ڈینگو کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یوپی کے سبھی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو چھٹی لینے سے منع کر دیا ہے۔

ریاست میں ڈینگو کے بڑھتے قہر کے درمیان الٰہ آباد ہائی کورٹ نے بدھ کو پریاگ راج میونسپل کارپوریشن کو ڈینگو کے کنٹرول اور روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدام سے مطلع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ دوسری طرف ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے ریاستی حکومت سے میڈیکل سہولیات کے اَپگریڈیشن کی جانکاری دینے کو بھی کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔