بھوجپوری زبان کو آٹھویں فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ
شیکھر نے کہا کہ سال 1969 سے پارلیمنٹ میں بھوجپوری زبان کو آئین کی آٹھویں فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کو اس زبان کے بولنے والے لوگوں کے جذبات کو سمجھنا چاہیے۔
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے نیرج شیکھر نے ہفتے کو بھوجپوری زبان کو آئین کی آٹھویں فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیکھر نے راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ملک میں 20 کروڑ لوگ بھوجپوری زبان بولنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ سات آٹھ کروڑ لوگ غیر ملکوں میں بھی بھوجپوری بولتے ہیں۔ ماریشس، سوری نام، نیپال، یوگانڈا اور کئی دیگر ملکوں میں بھی لوگ بھوجپوری بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپال اور ماریشس میں بھوجپوری کو خصوصی درجہ حاصل ہے۔
شیکھر نے کہا کہ سال 1969 سے پارلیمنٹ میں بھوجپوری کو آئین کی آٹھویں فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کو بھوجپوری زبان بلونے والے لوگوں کے جذبات کو سمجھنا چاہیے اور اسے مناسب مقام دینا چاہیے۔
کانگریس کے احمد پٹیل نے وقفہ صفر کے دوران ہی آن لائن کلاسز کے لئے اصول بنائے جانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فیس وصولنے کے لئے تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز شروع کر رہے ہیں۔ اس سے طلبہ پر ذہنی اور مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ تناؤ میں طلبہ خودکشی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 فیصد گھروں میں ہی انٹرنیٹ کنیکشن ہے جن میں سے نو فیصد لوگ ہی اس کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قریب ڈھائی لاکھ گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ سے جوڑنے کا ہدف طے کیا تھا اس میں بھی کافی کم مقامات پر ہی یہ سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔
بہوجن سماج پارٹی کے راجہ رام نے جموں کشمیر میں سرکاری نوکریوں میں پسماندہ طبقوں اور درج فہرست ذات کو ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا۔ ریاست میں پسماندہ طبقوں کی 35 فیصد آبادی ہے جبکہ اسے دو فی صد ریزرویشن کا فائدہ ملتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔