نرسمہا راؤ کو ’بھارت رتن‘ دینے کا مطالبہ، تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد پیش

وزیر اعلی نے کہا کہ نرسمہا راو نے معاشی اصلاحات نافذ کیں جس سے ہندوستان کو تیز تر ترقی کے لئے پیش قدمی میں مدد ملی۔ نئے روزگار کے مواقع اور بیرونی سرمایہ کاری نرسمہاراو کے معاشی اقدامات کے نتائج ہیں۔

سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ / تصویر Getty Images
سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ / تصویر Getty Images
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے سابق وزیراعظم نرسمہا راو کو بھارت رتن دینے کے لئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد ریاستی اسمبلی میں پیش کی ہے۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش کے وزیراعلی، مرکزی وزیر اور پھر وزیراعظم کے طور پر نرسمہا راو کی ملک کے لئے خدمات کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ نرسمہا راو نے معاشی اصلاحات نافذ کیے جس سے ہندوستان کو تیز تر ترقی کے لئے پیش قدمی میں مدد ملی۔ نئے روزگار کے مواقع بنانے اور بیرونی راست سرمایہ کاری، نرسمہاراو کے معاشی اقدامات کے نتائج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسمہا راو نے سرمایہ کاری کے لئے ہندوستان کو عالمی مرکز کے طور پر فروغ دیا تھا۔


انہوں نے کہا کہ نرسمہاراو ایک ایسے وقت میں وزیر اعظم بنے جب ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وزیراعظم کے طورپر انہوں نے کئی جرات مندانہ فیصلے کیے۔ پرنب مکھرجی کو وزیر خزانہ بنانے کا سہرہ ان ہی کے سرجاتا ہے۔

وزیراعلی نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کو پی وی سنٹرل یونیورسٹی کا نام دینے کے لئے اسمبلی میں ایک قرارداد بھی پیش کی۔ چندرشیکھرراو نے کہا کہ نرسمہا راو نے تلنگانہ میں اراضیات کے اصلاحات نافذ کیے تھے اور سابق وزیراعظم نے خود اپنے گاوں میں غریبوں میں 800 ایکڑ زمین کا عطیہ دیا تھا۔تلنگانہ حکومت نے ان کے احترام میں ان کی یوم پیدائش تقاریب ایک سال تک منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔