دہلی: صدارتی انتخاب سے قبل ممتا بنرجی سرگرم، 15 جون کو اپوزیشن کی میٹنگ

صدارتی انتخاب کے پیش نظر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 15 جون کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ اور لیڈران کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ میں حصہ لیں گی۔

ممتا بنرجی / یو این آئی
ممتا بنرجی / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

انتخابی کمیشن نے ملک کے 16ویں صدر کے لیے انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ انتخاب کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں نے اپنی سرگرمی بڑھا دی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی اس تعلق سے سرگرم نظر آ رہی ہیں جو 15 جون کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ اور لیڈران کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ میں حصہ لیں گی۔

ممتا بنرجی کے ذریعہ بلائی گئی مشترکہ میٹنگ کے لیے 22 لیڈروں کو خط لکھا گیا ہے۔ ان میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین، اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان، کانگریس صدر سونیا گاندھی، آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو شامل ہیں۔


ان کے علاوہ سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجہ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو، این سی پی سربراہ شرد پوار، آر ایل ڈی چیف جینت چودھری، کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا، نیشنل کانفرنس سربراہ فاروق عبداللہ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سربراہ محبوبہ مفتی، شرومنی اکالی دل چیف سکھبیر سنگھ بادل، سکم ڈیموکریٹک فرنٹ چیف چاملنگ اور آئی یو ایم ایل سربراہ کے ایم قادر محی الدین شامل ہیں۔

اس سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں حزب مخالف لیڈر ملکارجن کھڑگے نے صدارتی انتخاب میں اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے کو لے کر ممتا بنرجی اور ڈی ایم کے، سی پی آئی، سی پی آئی ایم اور عام آدمی پارٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔