دہلی شراب پالیسی معاملہ: وزیر اعلیٰ کیجریوال پھر ہائی کورٹ سے رجوع، ای ڈی کو گرفتار کرنے سے روکنے کا مطالبہ

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک بار پھر دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کر کے مطالبہ کیا ہے کہ ای ڈی کو انہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک بار پھر دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر کے دہلی شراب پالیسی کیس میں عبوری راحت کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ شراب پالیسی معاملے کی تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو انہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں انہیں نویں بار سمن جاری کیا ہے۔ ای ڈی نے انہیں جمعرات (21 مارچ) کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔

اروند کیجریوال نے ای ڈی کے سمن کے آئینی جواز کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس معاملے پر بدھ (20 مارچ) کو سماعت ہوئی، جس میں کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے گرفتاری سے راحت مانگی تھی۔ اس پر ای ڈی کے وکیل ایس وی راجو نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی تحقیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے سے گریز کر رہے ہیں اور بہانے بنا رہے ہیں۔ سماعت کے دوران ای ڈی نے کیجریوال کی عرضی پر جواب داخل کرنے کو کہا۔ اب اس معاملے پر اگلی سماعت کی تاریخ 22 اپریل مقرر کی گئی ہے۔


خیال رہے کہ دہلی شراب پالیسی کے معاملے میں کیجریوال نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔ اگر تفتیشی ایجنسی یہ یقین دہانی کرائے کہ انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا یا پھر ہائی کورٹ کو حکم دینا پڑے کہ ان کے خلاف کسی قسم کی سزاوار کارروائی نہیں کی جائے گی۔ کیجریوال نے کہا ای ڈی کو عدالت کے سامنے یقین دہانی کرانی چاہیے کہ اگر میں سمن کی تعمیل کرتا ہوں تو وہ میرے خلاف کوئی سزاوار کارروائی نہیں کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔