دہلی حکومت کی پانی ضائع کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت
آتشی نے دہلی جل بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ پائپ سے کاروں کو دھونے، پانی کے ٹینکوں کے اوورفلو ہونے، تعمیراتی یا تجارتی مقاصد کے لیے گھریلو پانی کے استعمال پر روک لگانے کے لئے ٹیمیں تعینات کی جائیں۔
دہلی حکومت نے بدھ یعنی 29 مئی کو دہلی جل بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کو ہدایت دی کہ قومی راجدھانی میں پانی کی قلت کو روکنے کے لیے پانی کا غلط استعمال کرنے والے کسی بھی شخص پر 2000 روپے کا جرمانہ لگایا جائے اور پانی کے تمام غیر قانونی کنکشن کاٹ دیئے جائیں۔
دہلی کی کابینہ وزیر آتشی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق پانی کی بربادی اور پانی کے غیر قانونی تمام کنکشنوں پر نکیل کسنے کے لئے دہلی جل بورڈ کی 200 ٹیمیں کل صبح 8 بجے سے راجدھانی میں تعینات کی جائیں گی۔
وزیر آتشی نے ایک بیان میں کہا، ’’دہلی میں جھلسانے والے شدید گرمی کا سامنا ہے اور پانی کی سپلائی کم ہو گئی ہے کیونکہ ہریانہ دہلی کے حصے کا پانی نہیں چھوڑ رہا ہے۔ ایسے میں پانی کا تحفظ بہت ضروری ہو گیا ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ دہلی کے کئی حصوں میں پانی کا شدید ضیاع ہو رہا ہے۔ گھریلو استعمال کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے تعمیراتی مقامات اور تجارتی اداروں کی جانب سے غیر قانونی کنکشن لیے گئے ہیں۔ ایسے غیر قانونی کنکشنز اور پانی برباد کرنے والوں کے خلاف نکیل کسنے کی سخت ضرورت ہے۔
آتشی نے دہلی جل بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ پائپ سے کاروں کو دھونے، پانی کے ٹینکوں کے اوورفلو ہونے، تعمیراتی یا تجارتی مقاصد کے لیے گھریلو پانی کی فراہمی کے استعمال پر روک لگانے کے لئے فوری طور پر دہلی بھر میں 200 ٹیموں کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔