دہلی: میئر الیکشن کے لیے 22 فروری کی تاریخ مقرر، کیجریوال کی تجویز کو لیفٹیننٹ گورنر نے دی منظوری

آج صبح ہی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو خط لکھا تھا جس میں 22 فروری کو میئر انتخاب کرانے کی سفارش کی گئی تھی، اسے لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے منظوری مل گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایم سی ڈی الیکشن، فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ایم سی ڈی الیکشن، فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں میئر الیکشن کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی میں 22 فروری کو میئر کا انتخاب ہوگا اور اس کے لیے لیفٹیننٹ گورنر نے دہلی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ایم سی ڈی میئر کے لیے ایوان کی گزشتہ تین میٹنگوں میں زبردست ہنگامہ کے سبب انتخاب نہیں ہو سکا تھا، لیکن اب 22 فروری کو صبح 11 بجے ایم سی ڈی ایوان کی میٹنگ بلانے کی منظوری دی گئی ہے۔

آج صبح ہی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو خط لکھا تھا جس میں 22 فروری کو میئر انتخاب کرانے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ کی سفارش سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد کی گئی جس میں میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کا انتخاب کرانے کے لیے 24 گھنٹے کے اندر ایم سی ڈی کی پہلی میٹنگ بلانے کا حکم دیا گیا ہے۔


دراصل سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایم سی ڈی میئر کے تعلق سے کچھ اہم ہدایات دی تھیں۔ عدالت نے اس دوران یہ بھی کہا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ ایم سی ڈی میں نامزد اراکین میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں کر سکتے۔ اس کے بعد ہی وزیر اعلیٰ کیجریوال نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب 22 فروری کو کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1957 کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ایم سی ڈی انتخاب کے بعد ایوان کی پہلی میٹنگ میں ہی کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ سال 4 دسمبر کو کارپوریشن انتخاب ہوا تھا اور نتائج آنے کے دو ماہ گزرنے کے باوجود اب تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکا ہے۔ ایم سی ڈی کی اب تک ہوئی تین میٹنگوں میں نامزد اراکین کے ووٹ کو لے کر عآپ اور بی جے پی کے درمیان جاری رسہ کشی کے سبب میئر کا انتخاب انجام نہیں پا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔