دہلی آبکاری پالیسی: وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ملی راحت بھری خبر، منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے دی مستقل ضمانت

ای ڈی نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو مستقل ضمانت دینے کی مخالفت کے لیے 48 گھنٹے کا وقت طلب کیا، لیکن عدالت نے کہا کہ حکم پر کوئی روک نہیں لگے گی، کیجریوال اب جمعہ کو تہاڑ جیل سے باہر آ سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال / سوشل میڈیا</p></div>

اروند کیجریوال / سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو عدالت نے آج بڑی راحت دیتے ہوئے آبکاری گھوٹالہ سے منسلک منی لانڈرنگ معاملے میں مستقل ضمانت دینے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ ایک لاکھ روپے مچلکہ پر دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ نے انھیں ضمانت دینے کا اعلان کیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ جمعہ یعنی کل دوپہر کیجریوال تہاڑ جیل سے باہر آ جائیں گے۔

ای ڈی (انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ) نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو مستقل ضمانت دیے جانے کی مخالفت کے لیے 48 گھنٹہ کا وقت طلب کیا، لیکن عدالت نے اپنے فیصلے میں کسی بدلاؤ سے انکار کر دیا۔ راؤز ایونیو کورٹ کی تعطیل جج نیائے بندو نے کہا کہ ضمانت کے حکم پر کوئی روک نہیں لگے گی۔ اس معاملے میں اب ای ڈی اونچی عدالت کا رخ کر سکتی ہے۔


بہرحال، عدالت کے فیصلے کے بعد عآپ میں زبردست خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سچائی پریشان ہو سکتی ہے، شکست نہیں کھا سکتی۔‘‘ اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی کی ای ڈی کے تمام اعتراضات کو خارج کرتے ہوئے عزت مآب عدالت نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ضمانت دے دی ہے۔‘‘ دہلی حکومت میں وزیر آتشی نے بھی اس تعلق سے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ’ستیہ میو جیتے‘ کیپشن کے ساتھ وزیر اعلیٰ کیجریوال کی تصویر لگائی ہے۔

اس درمیان عام آدمی پارٹی (عآپ) کی لیگل ٹیم کے وکیل رشی کیش کمار نے کہا کہ ’’آج راؤز ایونیو کورٹ میں آبکاری پالیسی کے معاملے میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ضمانت مل گئی ہے۔ رات 8 بجے عدالت میں ضمانت پر فیصلہ سنایا گیا۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’انھیں ایک لاکھ کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی گئی ہے۔ کل صبح ضمانت کی کارروائی پوری کی جائے گی۔ کل دوپہر بعد اروند کیجریوال جیل سے باہر آ جائیں گے۔ یہ ایک بہت بڑی جیت ہے۔‘‘


واضح رہے کہ دہلی آبکاری معاملہ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس کی جانچ کر رہی ای ڈی نے کیجریوال کو رواں سال 21 مارچ کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ اس سے پہلے کیجریولا کو 9 بار سمن جاری کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد کیجریوال کئی دنوں تک ای ڈی کی حراست میں تھے۔ اس کے بعد عدالت نے انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس درمیان لوک سبھا انتخابی تشہیر کے لیے انھیں عبوری ضمانت ملی تھی۔ پھر 2 جون کو انھوں نے عدالتی ہدایت کے مطابق خود سپردگی کر دی تھی۔ اب انھیں مستقل ضمانت مل گئی ہے تو عآپ لیڈران و کارکنان میں زبردست خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔