دہلی: فرضی کال سینٹر میں ملازمت کا وعدہ کر کے ٹھگی کرنے والے 11 افراد گرفتار

ڈی سی پی اتل ٹھاکر نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران یہ پایا گیا کہ ملزمان بے روزگار نوجوانوں کو کال کر کے رابطہ قائم کرتے تھے اور مختلف کمپنیوں میں ملازمت دینے کا وعدہ کر کے انہیں لالچ دیتے تھے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں پولیس نے ایک فرضی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے جہاں مایہ ناز کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کر کے لوگوں سے ٹھگی کی جا رہی تھی۔ دہلی پولیس نے یہ معلومات منگل کے روز فراہم کی۔ کووڈ-19 کے دور میں ملازمت کے بحران میں ملزمان نے بہترین ملازمت اور تنخواہ دلانے کے نام پر متعدد لوگوں کے ساتھ ٹھگی کی۔

خبر رساں ایجنسی آٗئی اے این ایس کے مطابق دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے جنوبی دہلی کے مہرولی علاقہ میں چھاپہ ماری کی اور یہاں چار لڑکیوں سمیت کل 9 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا، جبکہ دو لوگوں کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے پانچ لیپ ٹاپ، پانچ موبائل فون اور آٹھ سم کارڈ بھی ضبط کیے ہیں۔ ملزمان لوگوں کو ملازمت فراہم کرنے کے نام پر آن لائن پیمنٹ کے ذریعے رجسٹریشن فیس کے طور پر 2200 روپے وصول کرتے تھے۔


جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتل ٹھاکر نے بتایا کہ ’’ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران یہ پایا گیا کہ ملزمان بے روزگار نوجوانوں کو کال کر کے رابطہ قائم کرتے تھے اور مختلف کمپنیوں میں ملازمت دینے کا وعدہ کر کے انہیں لالچ دیتے تھے۔ رجسٹریشن فیس حاصل کرنے کے بعد انہوں نے فرضی انٹرویو لیٹر اور اپائنٹمنٹ لیٹر (تقرری نامہ) بھیجتے اور اضافی رقم جمع کرنے کو کہتے۔‘‘ جانچ میں پایا گیا کہ فرضی تقرری نامہ بھیجنے سے قبل وہ امیدوار کے بجٹ کے مطابق 10 ہزار سے لے کر 40 ہزار روپے تک کی رقم حاصل کرتے تھے۔

پولیس نے کہا کہ گرفتار کیے گئے لوگوں میں سے ایک آشیش نے یوپی کے میرٹھ میں واقع شوبھت یونیورسٹی سے بی ٹیک (آئی ٹی) کی تعلیم حاصل کی ہے اور لاک ڈاؤن سے قبل ایک بینک میں ملازمت کر رہا تھا۔ دیگر ملزمان کسی بھی تکنیکی تعلیم سے تعلق نہیں رکھتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔