دہلی: آسمان چھوتی مہنگائی کے خلاف کانگریس نے جعفرآباد میں نکالی ریلی

کانگریس لیڈر چودھری متین احمد نے کہا کہ حکومت کا کام ہوتا ہے اجڑے ہوئے لوگو ں کو بسایا جائے، مگر اب مخالف ہوا چل رہی ہے، جو دو وقت کی روٹی کما رہے ہیں انہیں ہی اجاڑ دیا جا رہا ہے۔

ریلی میں کانگریس لیڈر چودھری متین احمد و دیگر
ریلی میں کانگریس لیڈر چودھری متین احمد و دیگر
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ملک بھر میں بے لگام ہوئی مہنگائی کے خلاف دہلی پردیش کانگریس پارٹی کے صدر چودھری انل کمار کی ایما پر کانگریس پارٹی کی جانب سے چودھری متین احمد کی سرپرستی میں سیلم پور اسمبلی حلقہ کے جعفرآباد، چوہان بانگر اور برہم پوری میں ریلی نکالی گئی جس کا آغاز سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد کے دفتر سے ہوا اور جعفرآباد مین روڈ کے راستے مرکزی چوک ہوتے ہوئے اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔

کانگریس پارٹی کارکنان نے ایل پی جی سلنڈر، پٹرول، ڈیزل، سرسوں تیل، آٹا اور دودھ کی موجودہ قیمت اور2014 کی قیمت کو عوام کے سامنے رکھا اور کہا کہ بی جے پی کہاں اچھے دن لانے کا وعدہ کر رہی تھی اور کہاں غریب عوام کا خون چوس رہی ہے۔ ریلی میں سیکڑوں افراد موجود بی جے پی سرکار کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کانگریس کے وہی برے دن لوٹا دیں جس کا وہ بار بار اپنی تقاریر میں ذکر بھی کرتے ہیں۔ اب عوام بھی نہیں چاہتے کہ وہ دھرم اور مذہب کے چکر میں پھنس کر اپنی روزمرہ کی زندگی تباہ و برباد کرلیں۔ حاجی مقصود جمال، سید ناصر جاوید، علاءالدین انصاری، شمیم احمد، خالد خان، ریاض الدین، ہارون ادریسی، ضرار احمد، جمیل ملک، شہزاد خان اور محمد اسماعیل نے ریلی کی کامیابی سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دہلی: آسمان چھوتی مہنگائی کے خلاف کانگریس نے جعفرآباد میں نکالی ریلی

اس موقع پر چودھری متین احمد نے کہا کہ غریب عوام کے ساتھ ساتھ متوسط طبقہ بھی زبردست پریشانی میں مبتلا ہے۔ آج کی تاریخ میں ہر طرف اس بات کو لے کر خوف طاری ہے کہ کب کس علاقے میں بلڈوزر چل جائے، معلوم نہیں ہے۔ حکومت کا کام ہوتا ہے کہ اجڑے ہوئے لوگو ں کو بسایا جائے مگر اب مخالف ہوا چل رہی ہے جو دو وقت کی روٹی کما رہے ہیں انہیں ہی اجاڑ دیا جا رہا ہے۔ تیل کی قیمت کہاں پہنچ گئی، گیس سلنڈر لینا مشکل ہوگیا اور اب تو آٹا بھی مہنگا ہوگیا ہے ایسے حالات میں روز کمانے والا اور کھانے والا کیسے زندگی بسر کرسکے گا کیوں کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور کام چل نہیں رہا ہے۔ ہم مرکزی و ریاستی حکومتوں سے گزارش کریں گے کہ لوگوں کو دھرم کا پاٹھ نہ پڑھا کر ملک کی معاشی اور کاروباری صورت حال کا جائزہ لیں اور غریب عوام جو خودکشی کرنے پر مجبور ہیں انہیں دو وقت کی روٹی کا ذریعہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جو حالات گزشتہ پانچ سات سالوں میں پیدا کئے ہیں وہ شاید کبھی بھی نہ دیکھیں۔ بڑے سے بڑا کاروبار اور چھوٹا سے چھوٹا کاروبار سب تباہ و برباد ہوگئے۔

سید ناصر جاوید نے کہا کہ مہنگائی کا عالم یہ ہے کہ جو کانگریس کے دور میں سلنڈر 414 کا ہوا کرتا تھا آج اس کی قیمت تقریباً 11سو روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ سرسوں کا تیل 80 روپئے میں تھا مگر آج تقریباً دو سو روپئے میں مل رہا ہے اور اسی طرح آٹا 22 روپئے کلو ملتا تھا آج اس کی قیمت 35 روپئے ہے ایسے حالات میں عام غریب آدمی زندگی کس طرح بسر کرے گا۔


مودی حکومت ایک طرف امیروں کو ہر طرح سے فائدہ پہنچا رہی ہے اور غریبوں کو بھوکا پیاسا مار رہی ہے۔ اہم شرکاء میں مظاہر علی، راجیو شرما، ندیم شیخ، اشتیاق شیخ، شفیق خان، بابو بھائی، محمدعامر، اسلم عطار، بٹو بھائی، وپن ہارمول، مہیندر سنگھ، راجندر پردھان، پروین وتس، تابش حسین، اجے شرما، محمد فہیم، شمیم بانو، آشا رانی، بشری انصاری، نیہا بیگ راج اور رانی پروین کے نام قابل ذکر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔