منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کا احتجاج، مراقبہ میں بیٹھے

کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم اسکول اسپتال بنانے والوں کو جیل بھیج رہے ہیں اور کھربوں روپے لوٹنے والوں کو گلے لگا رہے ہیں، ملک کے حالات تشویش ناک ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / ویڈیو گریب</p></div>

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج ملک کے لیے دعا کر رہے ہیں۔ آج صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کیجریوال 7 گھنٹے تک مسلسل مراقبہ کریں گے۔ ’ملک کی بہتری‘ کے لیے دن بھر کی پوجا شروع کرنے سے پہلے کیجریوال راج گھاٹ پہنچے، جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم اسکول اسپتال بنانے والوں کو جیل بھیج رہے ہیں اور کھربوں روپے لوٹنے والوں کو گلے لگا رہے ہیں، ملک کے حالات تشویش ناک ہیں۔

قبل ازیں، کیجریوال نے منگل کو کہا تھا کہ وہ ہولی کے موقع پر ملک کے لیے دعا کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہتر کام کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جبکہ ملک کو لوٹنے والے بچ رہے ہیں۔ ڈیجیٹل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا تھا کہ وہ ملک کے حالات سے پریشان ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی کے صحت اور تعلیم کے شعبے کو 65 سالوں سے نظر انداز کیا گیا اور منیش سسودیا اور ستیندر جین نے غریبوں کے لیے بہتر صحت اور تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کی۔


وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا ’’لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے (جین اور سسودیا) ذریعہ کیے گئے ملک کے اچھے کام کے لیے جیل میں ڈال دیا ہے، جبکہ ملک کو لوٹنے والوں کو گلے لگایا جا رہا ہے۔" وہیں، عآپ کے چیف ترجمان سوربھ بھاردواج نے کہا تھا کہ منیش سسودیا کو مرکزی حکومت نے ایک سازش کے تحت تہاڑ جیل کی بیرک نمبر 1 میں رکھا ہے۔ انہوں کہا ’’ہمیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بیرک نمبر 1 میں پہلی بار زیر سماعت افراد کو نہیں رکھا جاتا۔ کیونکہ یہاں پورے ملک کے سب سے خطرناک، پرتشدد، مجرم قید رہتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا ’’تہاڑ کی بیرک نمبر ایک سے تشدد کی خبریں ٹی وی اور اخبارات میں آتی رہتی ہیں۔ یہاں ایسے مجرم موجود ہیں کہ ایک اشارے پر کسی کو قتل بھی کر سکتے ہیں، ان کے خلاف قتل کے درجنوں مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ہم بی جے پی کے سیاسی حریف ہیں لیکن کیا سیاست میں اس قسم کی دشمنی ہوتی ہے؟ آپ لوگ ہمیں دہلی میں ہرا نہیں سکے، دہلی نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ ایم سی ڈی میں آپ ہمیں ہرا نہیں سکے، لاکھ سازشوں کے باوجود میئر اور ڈپٹی میئر ہمارے بن گئے۔‘‘


سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی سب کے سامنے ہے۔ اب یہ سازش ہمارے اعلیٰ رہنماؤں کو قتل کرنے تک پہنچ چکی ہے۔ عدالت نے منیش سسودیا کو ’وپاسنا‘ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے باوجود منیش سسودیا کو خطرناک مجرموں کے ساتھ کیوں رکھا جا رہا ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔