دہلی: والد کی پٹائی کا انتقام لینے کے لئے لڑکے نے ایک شخص پر چلائی گولی، 4 نابالغ گرفتار

متاثرہ کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے دفعہ 307 (اقدام قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا اور چار نابالغوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں اپنے والد کی پٹائی کا بدلہ لینے کے لیے ایک نابالغ نے دیسی ساختہ پستول سے ایک 36 سالہ شخص پر گولی چلائی، جو اس کی دائیں آنکھ پر لگی۔ معاملے کی جانچ کرتے ہوئے پولیس نے 4 نابالغ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز شمال مغربی دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں پیش آیا۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس اوشا رنگنانی نے کہا کہ ’’جہانگیر پوری پولیس اسٹیشن میں 15 جولائی کی شام تقریباً 5:15 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں بتایا کہ جاوید نامی شخص کو گولی لگی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو فوری طور پر بابو جگجیون رام میموریل اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اسے اعلیٰ مرکز میں ریفر کر دیا گیا۔ فی الحال متاثرہ کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔


متاثرہ نے پولیس کو بتایا کہ شام تقریباً 4.45 بجے وہ ایچ-3 بلاک کے پارک کے پاس موجود تھا۔ تین نابالغ لڑکے وہاں آئے اور ان میں سے ایک نے اس کے چہرے کو نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ گولی دائیں آنکھ میں لگی۔

متاثرہ کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے دفعہ 307 (اقدام قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا اور چار نابالغوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ ڈی سی پی نے کہا، متاثرہ نے انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً 7 ماہ قبل پکڑے گئے نابالغ لڑکوں میں سے ایک کے والد کی پٹائی کی تھی اور آج وہ سب اس سے بدلہ لینے آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔