این سی پی چیف شرد پوار کو فون پر دی گئی جان سے مارنے کی دھمکی، نامعلوم شخص کے خلاف معاملہ درج

پولیس کا کہنا ہے کہ فون کرنے والے شخص کی شناخت کر لی گئی ہے، فون بہار سے آیا تھا اور فون کرنے والے نے پہلے بھی پوار کو فون کر کے دھمکی دے چکا ہے۔

شرد پوار، تصویر یو این آئی
شرد پوار، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

این سی پی چیف شرد پوار کو ایک فون آیا ہے جس میں انھیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فون کرنے والے شخص نے پوار کے گھر ’سلور اوک‘ فون کیا تھا اور وہ ہندی زبان میں بات کر رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نامعلوم شخص نے ممبئی آ کر دیسی کٹہ سے پوار کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔ دھمکی آمیز فون کے بعد گامدیوی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف معاملہ درج کرایا گیا ہے۔

اس معاملے میں پولیس کا کہنا ہے کہ فون کرنے والے شخص کی شناخت کر لی گئی ہے۔ فون بہار سے آیا تھا اور فون کرنے والے نے پہلے بھی پوار کو فون کر کے دھمکی دے چکا ہے۔ اس وقت پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تھی اور سمجھا کر چھوڑ دیا تھا۔ اب دوبارہ دھمکی دینے پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا جائے گا۔


واضح رہے کہ این سی پی لیڈر شرد پوار کچھ ماہ پہلے بھی اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب ایک مراٹھی ٹی وی اداکارہ کو پوار کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹ کرنے کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ دراصل کیتکی چتالے نامی ٹی وی اداکارہ پر الزام تھا کہ انھوں نے شرد پوار کے خلاف مبینہ طور پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ کیا تھا، حالانکہ چتالے نے اس پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا تھا۔ مراٹھی اداکارہ کے ذریعہ پوسٹ کیے جانے کے بعد ان کے خلاف ٹھانے واقع کلوا تھانہ میں سوپنل ٹیکے نے 14 مئی کو شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے بعد چتالے کو 15 مئی کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان کے خلاف پونے میں بھی این سی پی کے ایک کارکن کی تحریر پر معاملہ درج کیا گیا تھا۔ چتالے کو ٹھانے پولیس کی کرائم برانچ نے نوی ممبئی سے گرفتار کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔