ڈوبنے سے 15 سالہ بچے اور کرنٹ لگنے سے 40 سالہ شخص کی موت نے پھر کیجریوال حکومت کی لاپروائی ظاہر کی: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے عآپ پر الزام عائد کیا کہ وہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کر رہے اپنے لیڈروں کو جیل سے باہر نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج ایک بار پھر عآپ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 15 سالہ بچے کی ڈوبنے اور 40 سالہ شخص کی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی مایوس کن ہے کہ کیجریوال حکومت کی لاپروائی اور ناکامیوں کے سبب 15 سالہ ایک لڑکا کی موت چانکیہ پوری میں آبی جماؤ کے پانی میں ڈوبنے سے ہو گئی، اور کراڑی کے پریم نگر میں 40 سالہ شخص کی موت کرنٹ لگنے سے ہو گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ لگاتار مرتے لوگوں کے واقعات کو نظر انداز کر کے عآپ کے سابق وزیر اور لیڈر، آبکاری پالیسی گھوٹالہ و منی لانڈرنگ معاملے میں 17 مہینے سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد ضمانت پر جیل سے باہر آئے منیش سسودیا اپنی ناکام ’پد یاترائیں‘ نکال کر پارٹی کی برباد ہوئی سیاسی شبیہ کو بچانے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ نہ تو منیش سسودیا اور نہ ہی وزیر برائے آب آتشی کو راجدھانی میں آبی جماؤ کی فکر ہے۔ آج جب بارش ہوئی تو دہلی کے کئی حصے پانی میں ڈوب گئے اور چانکیہ پوری میں ہوئی 15 سالہ بچے کی موت کی ذمہ داری لینے کو کئی افسر تیار نہیں ہے۔ دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ دہلی کے کسی بھی وزیر نے ٹریفک جام اور آبی جماؤ والی سڑکوں میں پھنسے لوگوں کی حالت زار دیکھنے یا افسران کی غلطیوں کے سبب ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی کوشش نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں : وقف ترمیمی بل پر حکومت تمام فریقوں سے بات چیت کرے: پون کھیڑا
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ یہ حیرت انگیز ہے کہ کراری کے پریم نگر میں ایک 40 سالہ شخص کی بجلی کی زد میں آنے سے موت تب ہوئی جب بارش کا پانی سڑک سے اس کے گھر میں گھس گیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں کرنٹ لگنے سے زائد از 20 اموات ہو چکی ہیں اور دہلی حکومت ایسے واقعات پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔