دسترخوانِ رمضان: افطاری کے لئے مزیدار نمکین ڈشیں

افطار کے دستر خوان پر انواع و اقسام کی ڈشز کے لئے گھر والوں کی طرف سے خاص مطالبہ ہوتا ہے۔ ہر کسی کی پسند کا خیال رکھنا اور پھر روزانہ نت نئی ڈش تیار کرنا واقعی ایک مشکل مرحلہ ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

روزے کے دوران انسانی جسم کو توانائی کی ضرورت پڑتی ہے اسی لئے تمام دنوں کی نسبت پورے دن روزے کے بعد متوازن غذا بے حد ضروری ہے جس کے لئے نت نئے پکوانوں کا سہارا لیا جاتا ہے۔ بیشتر لوگوں کو افطاری میں نمکین چیزیں کھانا اچھا لگتا ہے۔ اوقات سحر و افطار میں چونکہ وقت انتہائی قلیل ہوتا ہے جس کے پیش نظر ایسی ڈشوں کی تیاری اولین ترجیح ہوتی ہے جو ذائقے اور توانائی سے بھرپور ہوں اور جھٹ پٹ تیار ہو جائیں۔

خاص طور سے افطار کے دستر خوان پر انواع و اقسام کی ڈشز کے لئے گھر والوں کی طرف سے خاص مطالبہ ہوتا ہے۔ ہر کسی کی پسند کا خیال رکھنا اور پھر روزانہ نت نئی ڈش تیار کرنا واقعی ایک مشکل مرحلہ ہے۔ خواتین کی اسی مشکل کے پیش نظر ہم لائے ہیں، افطاری کے اہتمام کے لئے چند خاص ڈشز، انہیں آزمایئے اور افطاری کے دستر خوان کی رونق بڑھایئے۔


نمک پارے

اجزاٗء: آٹا دو پیالی، گھی حسب ضرورت، آلو تیں عدد، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کاچمچہ، نمک حسب ذائقہ، پسا ہوا زیرہ چائے کا ایک چمچہ۔

ترکیب: آٹا چھان کر اس میں نمک، پسی ہوئی کالی مرچیں اور پسا ہوا زیرہ ملائیں۔ آلو ابال کر چھیلیں اور باریک کچل کر آٹے میں مکس کرلیں۔ ہلکا سا پانی بھی شامل کرلیں، تاکہ آمیزہ ٹھیک طرح سے گوندھ جائے۔ پھر اسے بیل لیں اور چھری کی مدد سے کاٹ کر نمک پاروں کی شکل بنائیں، پھر انہیں گھی میں تل کر نکال لیں۔ مزے دار نمک پارے تیار ہیں۔ کسی جار میں محفوظ کر کے رکھ لیں۔ افطاری کے بعد چائے کے ساتھ بہت مزہ دیں گے۔

آلو کے لذیذ رولز

اجزاء: آلو دو بڑے (ابلے ہوئے) قیمہ ایک پاﺅ، نمک، مرچ، گرم مصالحہ حسب ضرورت، ہرا دھنیا تھوڑا سا، گھی حسب ضرورت، ڈبل روٹی کے سوکھے ٹکڑے چار عدد (اسے پانی میں بھگودیں)، پیاز ایک عدد، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، انڈے دوعدد (اچھی طرح پھینٹ لیں)۔

ترکیب: قیمے میں نمک، مرچ، گرم مصالحہ، لہسن ڈال کر پکنے دیں، گلنے کے لئے تھورا سا پانی استعمال کریں۔ آلوﺅں کو مسل لیں اور اس میں ڈبل روٹی کے ٹکڑے، مرچ ،ہرادھنیا، کٹی لال مرچ، لیموں کا رس تھوڑا سا ملاکرمکس کریں اور آلوﺅں کی گول ٹکیاں بناکر اس کے درمیان میں قیمہ، بھریں اور اسے لمبے رول جیسی شکل دے کر انڈوں میں ڈبو کرفرائی کرلیں۔


چاول کے پکوڑے

اجزاء: چاول ایک پیالی (ابلے ہوئے)، کالی مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، نمک حسب ذائقہ، ہری مرچ پانچ عدد، تیل حسب ذائقہ، پیاز باریک کٹی ہوئی ایک عدد، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، زیرہ سفید کٹا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا۔

ترکیب: ایک پیالے میں چاول اچھی طرح سے میش کر لیں، اب اس میں تمام مصالحے اور چیزوں کوشامل کرکے اچھی طرح سے مکس کریں اور پکوڑوں کی شکل میں بنا کر گرم تیل میں گولڈن براﺅن کریں۔

آلو چاٹ

اجزاء: آلو ابلے ہوئے 2 بڑے (چوکور کاٹ لیں)، چاٹ مصالحہ دوچائے کا چمچہ، سرخ پسی ہوئی مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، پیاز ایک بڑی (باریک چوکور کٹی ہوئی)، ہری مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، لیموں کا رس دو چائے کا چمچہ۔

ترکیب: تمام مصالحہ جات کو آلوﺅں میں مکس کرکے ڈش میں سرو کریں۔


ڈبل روٹی کے شامی کباب

اجزاء: ڈبل روٹی ایک پیکٹ، انار دانہ پسا ہوا، تین چائے کے چمچے، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، انڈے دو عدد، ہری مرچ چار عدد، سوکھا دھنیا ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ گرم مصالحہ حسب ضرورت، اجوائن تھوڑی سی۔

ترکیب: ڈبل روٹی میں تھوڑاسا پانی ڈال کر مسل لیں، خیال کریں کہ زیادہ نرم آمیزہ نہ ہوجائے۔ اس میں اناردانہ اور ادرک اچھی طرح پیس کر ڈالیں۔ اب اس میں ہری مرچ باریک کاٹ کر، ثابت دھنیا، پسا ہوا گرم مصالحہ، لال مرچ اور اجوائن ڈال کر گوندھ لیں۔ انڈے پھینٹ کر رکھ دیں۔ ڈبل روٹی کے آمیزے کی ٹکیہ شامی کباب کی طرح بناکر انہیں انڈا لگا کر گرم گھی یا تیل میں براﺅن تل لیں۔ ٹماٹر، سلاد کے پتوں کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔