مدھیہ پردیش: پارٹی کے دوران دلت نے چھو دیا کھانا، تو دبنگوں نے پیٹ پیٹ کر کیا قتل

چھتر پور میں 25 سالہ ایک دلت نوجوان کا اعلیٰ ذات کے لوگوں نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ دلت نوجوان کا قصور صرف اتنا تھا کہ ایک تقریب کے دوران اس نے کھانے کو ہاتھ لگا دیا تھا۔

علامتی تصویر یو این آئی
علامتی تصویر یو این آئی
user

تنویر

مدھیہ پردیش میں دبنگوں کے ذریعہ ایک دلت نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دلت نوجوان کی پٹائی اور قتل کا الزام اعلیٰ ذات کے لوگوں پر لگا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ چھتر پور ضلع کا ہے، جہاں ایک دلت نوجوان کی دبنگوں نے اس لیے زبردست پٹائی کر دی کیونکہ اس نے ایک تقریب کے دوران رکھے گئے کھانے کو اپنے ہاتھوں سے چھو دیا تھا۔ اس پٹائی کے سبب دلت نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راجدھانی بھوپال سے تقریباً 450 کلو میٹر دور چھتر پور واقع کشن پور گاؤں میں کچھ لوگوں نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ پولس اہلکار کا کہنا ہے کہ پارٹی ختم ہونے کے بعد ملزم بھورا سونی اور سنتوش پال نے دیوراج انوراگی نامی ایک دلت نوجوان کو صفائی کے لیے بلایا۔ اسی دوران دیوراج پارٹی میں بنا کھانا اپنے لیے نکالنے لگا۔ یہ دیکھ کر بھورا اور سنتوش اس قدر ناراض ہو گئے کہ انھوں نے دیوراج کی لاٹھی ڈنڈے سے پٹائی شروع کر دی۔ انھوں نے اسے اتنا مارا کہ اس کی موت ہو گئی۔


بتایا جا رہا ہے کہ دیوراج کو ڈنڈے سے پیٹا گیا تھا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ اس معاملے میں دونوں ملزمین فرار بتائے جا رہے ہیں۔ حالانکہ پولس نے قتل کی دفعہ کے تحت کیس درج کر لیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ ملزم سونی اور پال کے خلاف قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما کا کہنا ہے کہ ملزمین کو جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔ پولس کی ٹیمیں ان کی تلاش میں لگاتار سرگرم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔