مہاراشٹر: طوفان ’نسرگ‘ کا قہر شروع، تیز ہواؤں سے کئی درخت زمیں دوز، بھگوان گنیش کا مندر غرقاب

مہاراشٹر میں گردابی طوفان ’نسرگ‘ کے رائے گڑھ کے ساحل سے ٹکرانے کا عمل شروع ہو گیا ہے اور یہ تین گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ممبئی میں تقریباً 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مہاراشٹر میں گردابی طوفان 'نسرگ' کے رائے گڑھ کے ساحل سے ٹکرانے کی خبر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہے گا۔ یہ گردابی طوفان مہاراشٹر کے ساحل سے ہوکر گزر رہا ہے جو کہ خصوصی طور سے رائے گڑھ ضلع کو اپنے دائرے میں لیے ہوئے ہے۔ رائے گڑھ کے علی باغ میں طوفان کا خطرناک نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آ رہے ہیں۔ جنوبی ممبئی کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں رہائشی بلڈنگ کا شیڈ تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گیا۔


بتایا جاتا ہے کہ علی باغ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے اور لینڈ فال کو پورا ہونے میں تقریباً تین گھنٹے لگیں گے۔ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر ساحلی علاقوں میں کئی درخت ٹوٹ کر زمین پر گر گئے۔ کچھ مقامات پر تو درخت گھروں اور گاڑیوں پر گرے ہوئے بھی نظر آئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایسی بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ ممبئی کے کھار ڈانڈا میں موجود بھگوان گنیش کا مندر سمندر میں غرقاب ہو گیا ہے۔

نسرگ طوفان کے سبب تیز ہواؤں اور بارش کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ میں لوگوں سے گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کوئی بھی ساحلی علاقوں کی طرف نہ جائے۔ اس درمیان آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ "چکروات کا مرکز مہاراشٹر کے ساحل کے بہت قریب ہے۔ اس وقت طوفان کا شمال مشرقی علاقہ زمین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ طوفان تین گھنٹے میں علی باغ کے قریب مہاراشٹر ساحل کو پار کر جائے گا۔" محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان تقریباً 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ممبئی کی ساحلوں سے ٹکرایا ہے۔ اس کے پیش نظر ممبئی کے زیادہ تر علاقوں میں ریڈ الرٹ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔


اس درمیان طوفان کے مدنظر باندرہ-ورلی سی لنک پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ مہاراشٹر میں این ڈی آر ایف کی 21 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو الرٹ پر ہیں۔ ممبئی، ٹھانے، رائے گڑھ، رتناگری میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے اور ایسے میں لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی صلاح دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔