سمندری طوفان اسانی: کئی ریاستوں میں 33 پروازیں منسوخ، بھاری بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے آج تمل ناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ کے کئی اندرونی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔
وشاکھاپٹنم: خلیجِ بنگال میں آیا طوفان اسانی اب خطرناک سمندری طوفان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ منگل کے روز آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم اور تمل ناڈو کے چنئی میں کئی پروازیں متاثر ہوئیں۔ وشاکھاپٹنم بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر سرینواس نے کہا کہ انڈیگو نے خرابیٔ موسم کا حوالہ دیتے ہوئے یہاں پر آنے اور جانے والی 23 پروازیں کو منسوخ کیا ہے۔ چنئی ایئرپورٹ سے بھی حیدرآباد، وشاکھا پٹنم، جے پور اور ممبئی جانے والی 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
طوفان کی وجہ سے مغربی بنگال، اڈیشہ، بہار، جھارکھنڈ، تلنگانہ، آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے۔ بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے ان علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے آج تمل ناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ کے کئی اندرونی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ آئی ایم ڈی نے بھی بدھ سے جمعہ تک آسام، میگھالیہ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی طوفان کی نگرانی کر رہا ہے اور اس سلسلے میں اب تک 20 بُلیٹن جاری کر چکا ہے، تاکہ مقامی انتظامیہ کو طوفان کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور اس سے نمٹنے کے طریقے تجویز کیے جا سکیں۔ سمندری طوفان کی وجہ سے اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں پیر کو بھاری سے درمیانی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی وسطی اور اس سے ملحقہ جنوبی خلیج بنگال میں سمندری ہوائیں تیز ہونے کا امکان ہے اور ماہی گیروں کو اگلے چند روز تک علاقے سے دور رہنے کو کہا گیا ہے۔ ساحلی علاقوں اور سمندری ساحلوں پر سیاحت سے متعلق سرگرمیاں 13 مئی تک معطل رکھنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ اوڈیشہ کے کھردا، گنجام، پوری، کٹک اور بھدرک اضلاع میں دو سے تین بار بارشیں ہوئیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔