ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرکے منظور کیے گئے فوجداری قوانین، انڈیا الائنس پارلیمانی نظام پر بلڈوزر نہیں چلنے دے گا: ملکارجن کھڑگے
پارلیمنٹ میں گزشتہ سال تین نئے فوجداری قوانین منظور کیے گئے تھے۔ جس وقت یہ قوانین منظور کیے جانے تھے، اس دوران اپوزیشن کے 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا تھا۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر (1 جولائی) کو کہا ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو معطل کرکے فوجداری قوانین زبردستی منظور کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس پارلیمانی نظام پر بلڈوزر نہیں چلنے دے گا۔ کانگریس صدر نے پی ایم مودی پر بھی حملہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان دنوں پی ایم مودی اور بی جے پی کے لوگ آئین کا احترام کرنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔
کانگریس کے قومی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ انتخابات میں سیاسی و اخلاقی جھٹکے کے بعد مودی اور بی جے پی والے آئین کا احترام کرنے کا خوب دکھاوا کر رہے ہیں، مگر سچائی یہ ہے کہ آج سے فوجداری نظام انصاف کے جو تین قوانین نافذ ہو رہے ہیں، وہ 146 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر کے زبردستی منظور کیا گیا ہے۔ انڈیا الائنس اب یہ ’بلڈوزر انصاف‘ پارلیمانی نظام پر نہیں چلنے دے گا۔
واضح رہے کہ پیر سے ملک میں تین نئے فوجداری قوانین انڈین جسٹس کوڈ، انڈین سول ڈیفنس کوڈ اور انڈین ایویڈینس ایکٹ نافذ ہو گئے ہیں۔ یہ قوانین گزشتہ سال پارلیمنٹ میں منظور کیے گئے تھے۔ جس وقت یہ قوانین پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور ہوئے تھے اس وقت اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے کافی ہنگامہ آرائی ہوئی تھی، جس کے بعد کانگریس اور ٹی ایم سی سمیت کئی پارٹیوں کے درجنوں ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا تھا.
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔