ملک امبیڈکر کے آئین کو مانتا ہے مگر بی جے پی ناگپور کے آئین میں یقین رکتھی ہے: سنجے سنگھ
رانچی میں منعقدہ انڈیا الائنس کی ریلی میں اپوزیشن پارٹیوں کے تمام اہم لیڈران شریک ہوئے۔ اس موقع پر عآپ کے لیڈر سنجے سنگھ نے بی جے پی پر جم کر تنقید کی
رانچی: لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی زور و شور سے جاری مہم کے درمیان جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں انڈیا الائنس کی ’الگلان ریلی‘ میں اپوزیشن کے لیڈران نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بی جے پی پر سخت نشانہ لگایا۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی چاہتی ہے۔ ملک بابا صاحب کے آئین کو مانتا ہے جبکہ بی جے پی ناگپور کے آئین میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ وہ ایک بھی بدعنوان شخص کو نہیں چھوڑیں گے، ایسا وہ یہ اس لیے کہتے ہیں کہ وہ تمام لیڈروں کو بی جے پی میں شامل کریں گے۔
عآپ کے لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا دیا ہے اور بے روزگاری کو تاریخی ریکارڈ تک۔ مرکزی حکومت جھارکھنڈ کی بجلی بنگلہ دیش کو دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج مرکزی حکومت اور بی جے پی نے گوتم اڈانی کو سب کچھ دے دیا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ جب بی جے پی لیڈر بدعنوانی پر بات کرتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے اسامہ بن لادن اور ڈاکو گبر سنگھ کرپشن پر اپدیش (درس) دے رہے ہوں۔ سنجے سنگھ نے کہا، ’’میں 6 ماہ جیل میں رہا ہوں، پوری پارٹی کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ آپ نے ہیمنت سورین کو جیل میں ڈال دیا ہے۔ آپ برسا منڈا کے پیروکاروں کو جیل سے ڈرا رہے ہیں۔ جنگل میں رہ کر اپنے حقوق کی لڑائی لڑنے والوں کو جیل سے ڈرانے کی کوشش مت کیجئے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔