گجرات کے امریلی میں بدعنوانی! منریگا میں 3 کروڑ کی دھوکہ دہی کا انکشاف، ایف آئی آر درج

ملزمان نے 2015-2019 کے دوران ڈپلی کیٹ جاب کارڈز بنائے، کارڈ ہولڈرز کے نام پر دوسرے بینکوں میں کھاتے کھولے، مستفیضین کے فرضی دستاویزات تیار کئے، واجبات ان کھاتوں میں منتقل کئے اور رقومات کو نکال لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گاندھی نگر: گجرات کے امریلی ضلع میں محکمہ منریگا میں کام کرنے والے چار اہلکاروں کے خلاف سرکاری خزانے سے 3.30 کروڑ روپے کے غبن کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ دراصل، 2015-2019 کے دوران ملزمان نے ڈپلی کیٹ جاب کارڈ بنائے، جاب کارڈ ہولڈرز کے نام پر دوسرے بینکوں میں اکاؤنٹس کھولے، فائدہ اٹھانے والوں کے فرضی دستاویزات بنائے، ان اکاؤنٹس میں واجبات منتقل کئے اور بعد میں رقومات کو نکال لیا۔

ملزمان کی شناخت اسسٹنٹ پروگرام آفیسر شکتی سنگھ جڈیجہ، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر ویمل سنگھ بسن، ایم آئی ایس کوآرڈینیٹر جگنیش واڈیا اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ اشون شیال کے طور پر کی گئی ہے۔ تعلقہ ڈیولپمنٹ آفیسر وجے سونگارا نے اپنی شکایت میں کہا کہ منگل کی شام کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل کی دسمبر 2021 کی آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ تیسرے فریق کو 3 کروڑ روپے سے زیادہ کی ادائیگی کی گئی ہے۔


آڈٹ رپورٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے امریلی دیہی ترقی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے ستمبر 2022 میں تعلقہ ترقیاتی افسر کو اس کی جانچ کرنے کا حکم دیا۔ تین ماہ کی تفتیش کے بعد انہوں نے دسمبر کے پہلے ہفتے میں ڈائریکٹر کو رپورٹ پیش کی۔

تحقیقات میں سونگارا نے پایا کہ 2015-16 سے 2018-19 تک، 28688 لین دین کے ذریعے تیسرے فریق کو کل 33026548 روپے ادا کیے گئے اور 36 گاؤں کے 4900 جاب کارڈ ہولڈروں کو 3310 کھاتوں میں رقم منتقل کی گئی۔ ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، مجرمانہ خلاف ورزی، جعلسازی اور مشترکہ نیت سے سازش کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔