ہندوستان کے ہوش اڑا رہا کورونا انفیکشن، پھر ٹوٹا ریکارڈ، 24 گھنٹے میں تقریباً 13 ہزار نئے کیس
کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹرا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کے 3307 معاملے اور 114 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
نئی دہلی: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے تقریباً 13 ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کافی کم ہے اور سات ہزار سے زیادہ افراد صحت مند ہوئے ہیں۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزیر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن کے 12881 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 366946 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 334 افراد ہلاک جبکہ گزشتہ روز مرنے والوں کی تعداد 2003 تھی۔ اس بیماری سے اموات کی تعداد اب بڑھ کر 12237 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 160384 سرگرم کیسز ہیں اور مزید 7390 افراد کی صحت یابی کے ساتھ بیماری سے پاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 194325 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امت شاہ، اروند کیجریوال اور انل بیجل دہشت میں!
کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹرا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کے 3307 معاملے اور 114 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 116752 اور مرنے والوں کی تعداد 5651 ہوگئی ہے۔ اس مدت کے دوران ریاست میں 1315 افراد بیماری سے صحت مند ہوئے ہیں، جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 59166 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس کے متاثرین کی تعداد 50000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرہ افراد کی کل تعداد اب 50193 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 576 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 27624 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
کورونا کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں صورتحال مسلسل بگڑتی جارہی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے یہ ملک میں تیسرا مقام پر ہے۔ دارالحکومت میں کورونا متاثرین کی تعداد 47102 ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وائرس سے67 لوگوں کی موت کے بعد کل تعداد 1904 ہوگئی ہے جو مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ راجدھانی میں 17757 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ- 19 کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 25093 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1560 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 17430 افراد اس مرض سےصحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 14598 معاملے سامنے آئے ہیں اور وائرس کی وجہ سے 435 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 8904 مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا پھیلنے کا قہر زوروں پر ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 13542 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 313 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 10467 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
مغربی بنگال نےمتاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے آج مدھیہ پردیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ریاست میں 12300 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 506 افراد ہلاک اور 6533 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 11244 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 482 افراد اس دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں جبکہ 8388 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں 7734 افراد اور آندھر اپردیش میں 7071 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں اموات کی تعداد بالترتیب 102 اور 90 ہے۔ مرکز کے زیر انتظام خطے جموں و کشمیرمیں متاثرہ افراد کی تعداد 5406 ہوگئی ہے اور یہاں اب تک 65 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ہریانہ میں 130، پنجاب میں 78، بہار میں 44، اتراکھنڈ میں 26، کیرالہ میں 20، اڈیشہ میں 11، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں 10۔10، آسام اور ہماچل پردیش میں آٹھ، آٹھ، پڈوچیری میں سات، چندی گڑھ چھ، تریپورہ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔