’اگر میرے اختیار میں ہوتا تو تمھارے سارے درد لے لیتی‘، سوشانت کی بہن نے کیا جذباتی پوسٹ

سویتا سنگھ نے لکھا ہے کہ ”تمھاری چمکتی آنکھوں نے دنیا کو خواب دیکھنا سکھایا، تمھاری مسکان نے تمھارے صاف دل ہونے کو ظاہر کیا۔ تمھیں ہمیشہ پیار کیا جائے گا میرا بے بی اور بہت بہت زیادہ پیار کیا جائے گا“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بالی ووڈ کے ہونہار اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے سبھی شیدائی و اہل خانہ غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس درمیان سوشانت کی بڑی بہن سویتا سنگھ کیرتی نے ایک جذباتی فیس بک پوسٹ لکھا ہے جس میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی کی تکلیفوں کو کم نہیں کر سکیں۔ سویتا نے اپنے بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے پوسٹ کیے گئے کھلے خط میں لکھا ہے کہ "میرا بے بی، میرا بابو، میرا بچہ اب ہمارے بیچ موجود نہیں، لیکن میں جانتی ہوں کہ تم کافی درد میں تھے اور میں جانتی ہوں کہ تم ایک فائٹر تھے اور بہادری کے ساتھ لڑ رہے تھے۔ مجھے معاف کرنا میرا سونا، جن بھی تکلیفوں سے تم گزرے، اس کے لیے معافی چاہتی ہوں۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو میں تمھارے سارے درد لے لیتی اور اپنی ساری خوشیاں تمھیں دے دیتی۔"

اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے سویتا سنگھ کیرتی نے پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ "تمھاری چمکتی آنکھوں نے دنیا کو خواب دیکھنا سکھایا، تمھاری معصوم مسکان نے تمھارے صاف دل ہونے کو ظاہر کیا۔ تمھیں ہمیشہ پیار کیا جائے گا میرا بے بی اور بہت بہت زیادہ پیار کیا جائے گا۔ تم جہاں بھی ہو میرا بے بی خوش رہو۔" اس کھلے خط میں احباب و اقارب سے مخاطب ہوتے ہوئے سویتا نے یہ بھی لکھا ہے کہ "میرے سبھی خیر خواہ، میں جانتی ہوں کہ یہ مشکل وقت ہے، لیکن نفرت کی جگہ پیار کو، غصے کی جگہ رحم دلی اور خلوص کو اپنائیں۔"


واضح رہے کہ گزشتہ اتوار یعنی 14 جون کو سوشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر پھانسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ ٹی وی سے بالی ووڈ اداکار بنے سوشانت نے اپنی خودکشی کے متعلق کوئی نوٹ نہیں چھوڑا ہے اور اس واقعہ سے ان کے گھر والوں کے ساتھ ساتھ پورا ملک حیران ہے۔ ان کی موت کے بعد بالی ووڈ پر بھی کئی طرح کے سوال اٹھنے لگے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2020, 10:11 AM