گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا قہر، 8380 نئے معاملے، 139 افراد ہلاک
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس (کووڈ19-) وبا کے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھتی جارہی ہے اور اب یہ وبا کی سب سے زیادہ کیسز والے ممالک میں نویں مقام پر آگیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں اس کا قہر سب سے زیادہ برپا ہے اور کیسز کے ریکارڈ 8380 نئے مریض درج کیے گئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 182143 جبکہ ہلاک ہونے والوں میں 193 کے اضافہ کے ساتھ مجموعی تعداد 5164 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی پولیس میں تعینات اے ایس آئی کی کورونا سے موت
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 182143 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 5164 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں ایک دن میں 4614 لوگ وبا کی زد میں آئے اس بیماری سے نجات پانے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 86984 ہو گئی ہے۔ ملک میں فی الحال کورونا وائرس انفیکشن کے 89995 فعال معاملے ہیں۔
اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 99 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 65168 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر2197 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1084 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28081 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے. یہاں اب تک 21184 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 160 اموات ہوئی ہے جبکہ 12000 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے۔ کورونا وائرس سے قومی دارالحکومت کی بھی حالت کافی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ملک میں دہلی متاثرین کی تعداد کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی میں 18549 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 416 لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ 8075 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے.
كووڈ -19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 16343 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 1007 لوگوں نے جان گنوائی ہے۔ اس کے علاوہ 9230 لوگ اس بیماری پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
راجستھان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدادمیں اضافہ اپنے شباب پر ہے اور یہاں اس سے متاثرین کی تعداد 8617 جبکہ 193 افراد کی موت ہو چکی ہے، اور 5739 لوگ مکمل طور ٹھیک ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 7891 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 343 افراد کی اس وبا سے موت ہوئی ہے جبکہ 4444 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 7445 لوگ کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں اور 201 لوگوں کی موت جبکہ 4410 لوگ اس وبا سے ٹھیک ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 5130 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 309 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 1970 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 2499 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 77 افراد نے اس وبا سےجان گنوائی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں 1412 افراد اب تک اس بیماری سے ٹھیک ہوئے ہیں۔
جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 3569 اورکرناٹک میں 2922 لوگ متاثر ہوئے ہیں اوران ریاستوں میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 60 اور 48 ہے۔ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر2341 ہو گئی ہے اور 28 اموات ہوئی ہے۔ پنجاب میں 44 ہریانہ اور بہار میں 20-20، کیرالہ میں نو، اڑیسہ میں سات، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ اور اتراکھنڈ میں پانچ پانچ، آسام اور چنڈی گڑھ میں چار چار اور چھتیس گڑھ و میگھالیہ میں اس وبا سے ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔