یو پی: قیدیوں پر بھی لگاتار ٹوٹ رہا کورونا کا قہر، بریلی جیل میں 56 قیدی پازیٹو

ضلع سرویلانس افسر سی ایم او ڈاکٹر اشوک کمار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سنٹر جیل کے 51 قیدیوں اور ضلع جیل کے 5 قیدیوں کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

جیل میں بند قیدیوں پر بھی کورونا کا خطرہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ حالانکہ قیدی جیل احاطہ میں ہی رہتے ہیں، اس کے باوجود ضروری کام کی وجہ سے جیل پہنچنے والے لوگوں اور جیل انتظامیہ کے اراکین سے قیدیوں میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ کئی جگہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اتر پردیش کے بریلی واقع سنٹرل اور ضلع جیل میں بھی کچھ ایسا ہی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جہاں 56 قیدیوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی میں سنٹرل جیل اور ضلع جیل میں 56 قیدیوں کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، اتوار کی دیر رات فوجی جوانوں اور طبی اہلکار سمیت 198 افراد کی کورونا جانچ رپورٹ بھی پازیٹو آئی ہے جس سے بریلی ضلع کے عوام دہشت میں ہیں۔ خصوصاً قیدیوں کے کورونا پازیٹو پائے جانے سے جیل انتظامیہ پر کئی طرح کے سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔


اس درمیان ضلع سرویلانس افسر سی ایم او ڈاکٹر اشوک کمار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سنٹر جیل کے 51 قیدیوں اور ضلع جیل کے 5 قیدیوں کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ سنٹرل جیل میں 3 دن قبل ایک قیدی کی کورونا سے موت کے بعد اتوار کو سبھی قیدیوں کی جانچ کرائی گئی تھی۔ ضلع جیل میں بھی ایک قیدی کے کورونا پازیٹو کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد وہاں بھی کورونا جانچ ہوئی تھی۔ اشوک کمار نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد 3773 ہے جبکہ 1108 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ضلع میں اب تک کورونا سے 98 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ راجدھانی دہلی واقع روہنی جیل میں بھی ایک قیدی کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد وہاں کچھ قیدیوں اور جیل انتظامیہ اراکین کو کوارنٹائن کر دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں تو مجموعی طور پر 103 قیدی و جیل اسٹاف کورونا پازیٹو پائے گئے تھے جس کے بعد کئی دیگر قیدیوں و جیل انتظامیہ اراکین کی کورونا جانچ کرائی گئی۔ ہندوستان کی کچھ دیگر جیلوں میں بھی قیدیوں کے درمیان کورونا پھیلنے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں جس سے قیدیوں میں بھی اپنی صحت کو لے کر دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Aug 2020, 3:36 PM