کورونا ویکسین 110 فیصد محفوظ، نامردی پیدا ہونے کی افواہ بے بنیاد: ڈاکٹر مسرت جبین شاہ

مسرت جبیں نے کہا کہ یہ افواہ پھیلی ہے کہ کورونا ویکسین سے شاید نامردی آئے گی۔ یہ بالکل بے بنیاد افواہ ہے، میری لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، خود مطالعہ کریں اور حقیقت سے آشنا ہوں۔

ڈاکٹر مسرت جبین شاہ / UNI
ڈاکٹر مسرت جبین شاہ / UNI
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں تعینات فیملی ویلفیئر، ایم سی ایچ اینڈ امیونائزیشن کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مسرت جبین شاہ کا کہنا ہے کہ یہ افواہ بالکل بے بنیاد ہے کہ کورونا مخالف ویکسین لگوانے سے نامردی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مخالف ویکسین 110 فیصد محفوظ ہے اور اسے لگوانا ہر شہری کی سماجی ذمہ داری ہے، کیونکہ یہ وبا کو ختم کرنے کا واحد علاج ہے۔ ڈاکٹر مسرت جبین شاہ نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے قومی نشریاتی ادارہ دوردرشن کے 'ڈی ڈی کاشر' چینل پر نشر ہونے والے ہفتہ وار خصوصی پروگرام 'سکون' کے دوران کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'یہاں یہ افواہ پھیلی ہے کہ کورونا مخالف ویکسین سے شاید نامردی آئے گی۔ یہ بالکل بے بنیاد افواہ ہے۔ میری لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ خود مطالعہ کریں اور حقیقت جان جائیں۔ موبائل فونز اور انٹرنیٹ آپ کے پاس ہے۔ آپ خود پڑھیں کہ حقیقت کیا ہے'۔


ڈاکٹر مسرت جبین نے کورونا مخالف ویکسین کو 110 فیصد محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ڈرگز کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے اس کو پوری طرح سے محفوظ قرار دیا ہے۔ یہ 110 فیصد محفوظ ہے۔ میری مانیں تو یہ ویکسین 110 فیصد سے بھی زیادہ محفوظ ہے۔ آپ سے سرکار، ریسرچرز اور ایکسپرٹ کمیٹیز بول رہی ہیں کہ کورونا ویکسین بالکل محفوظ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'دنیا بھر میں آج تک ساڑھے چار ملین لوگوں نے ویسکین لی ہے۔ اس کے مضر اثرات کی ابھی تک کہیں سے کوئی خبر نہیں آئی ہے۔ آپ کو ہلکا سا بخار، انجکشن کی جگہ پر تھوڑا سا درد یا ہلکی سے الرجی ہو سکتی ہے۔ یہ ایک معمول کی بات ہے۔ جب ہم بچوں کو ویکسین دیتے ہیں ان کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے'۔


ڈاکٹر مسرت جبین نے ویکسین لگوانے کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں تمام بھائی بہنوں سے اپیل کرنا چاہتی ہوں کہ آپ کی اپنے سماج کے تئیں ایک ذمہ داری بنتی ہے۔ اس بیماری کا واحد علاج ویکسین ہے۔ آپ نے ایک سال سے دیکھا کہ اس بیماری نے کتنی تباہی مچائی ہے۔ ہمارا سارا نظام بدل گیا ہے۔ اب اگر ویکسین ہمیں اس بیماری سے بچا سکتی ہے تو آپ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یہ ویکسین لگوائیں۔ یہ لگوانا بہت ضروری ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ابھی فی الوقت ہیلتھ کیئر ورکرز اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ اس کے بعد ان لوگوں کو ویسکین دی جائے گی جو پچاس سے زیادہ عمر کے ہیں یا پچاس برس سے کم عمر کے وہ افراد جو ذیابیطس، فلڈ پریشر، گردوں کے مسئلے جیسی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اس کے بعد عام لوگوں کو ویکسین دی جائے گی۔ جب جس کی باری آتی ہے وہ خوشی خوشی آ کر ویکسین لگوائیں تاکہ ہمارا سماج محفوظ رہے اور اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے'۔


ڈاکٹر مسرت جبین نے کہا کہ غلط معلومات کی ترسیل کی وجہ سے لوگ کورونا ویکسین لینے سے ڈر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'جب بھی کوئی نئی چیز سامنے آتی ہے تو لوگوں کے اندر خدشات پیدا ہو جاتے ہیں۔ مگر ویکسین کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ یہ ویکسین ہی ہے جس کی مدد سے ہم نے پولیو کو ختم کیا ہے۔ غلط معلومات کی ترسیل کی وجہ سے لوگ ویکسین لینے سے ڈر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اینٹی ویکسین لابی بھی چل رہی ہوتی ہے ساتھ ساتھ۔ ان افراد کے اپنے فائدے اور مفادات ہوتے ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Feb 2021, 3:11 PM