تکبر چھوڑیں، کسان مظاہرین کی تکلیف کو سمجھیں اور زراعت مخالف قوانین واپس لیں، راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ زراعت سے متعلق تینوں قوانین کی منسوخی تک، کسانوں نے اپنی تحریک جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے، لہذا حکومت کو اپنی ضد چھوڑ کر ان کے مطالبات قبول کر لینے چاہئیں
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ زراعت سے متعلق تینوں قوانین کی منسوخی تک، کسانوں نے اپنی تحریک جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے، لہذا حکومت کو اپنی ضد چھوڑ کر ان کے مطالبات قبول کر لینے چاہئیں۔
راہل گاندھی نے اتوار کے روز ٹوئٹ میں کہا ’’گاندھی جینتی تک کسان مزدوروں کے احتجاج کے فیصلہ سے ان کے عزائم کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہے کہ مودی سرکار سے وہ کتنے ناامید ہیں‘‘۔ انہوں نے حکومت کو ضد چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ’’تکبر چھوڑ دیں، تحریک چلانے والے کسانوں کی تکلیف کو سمجھیں اور زراعت مخالف قانون کو واپس لیں‘‘۔
کسانوں کی جانب سے ہفتہ کے روز کیے جانے والے چکہ جام کی حمایت میں بھی کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا، ’’ان داتا کا پُر امن ستیہ گرہ ملک کے مفاد میں ہے۔ یہ تین قوانین صرف کسان-مزدور کے لئے نہیں نہیں، عوام اور ملک کے لئے بھی مہلک ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کسانوں کی تحریک کے مقامات پر پولیس کی طرف سے سیمنٹ اور نکیلے تاروں کی بندشیں نصب کیے جانے اور حفاظت کے سخت انتظامات کیے جانے پر بھی مرکزی حکومت پر تنقید کی تھی۔ راہل گادھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا، ’’حکومت ہند، دیوار نہیں بلکہ پُل تعمیر کرو!‘‘ خیال رہے کہ دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی تحریک کے مقامات کو پیر کے روز پولیس نے قلعہ میں تبدیل کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔