ٹیسٹنگ سہولیات میں بہتری لائے، ریاستوں سے مل کر حکمت عملی بنائے مرکز: کانگریس
سنگھ دیو نے کہا کہ ان کی حکومت نے 13 مارچ سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر نگاہ رکھنی شروع کر دی تھی اور اس کے بعد انہوں نے مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق اس سمت میں کام جاری رکھا۔
نئی دہلی: کانگریس کے زیر اقتدار ریاست چھتیس گڑھ اور راجستھان نے کہا ہے کہ انہوں نے کورونا سے لڑنے کے لئے وقت سے پہلے لڑائی کی، بہتر طبی سہولیات تیار کیں اور جانچ میں اضافہ پر خصوصی زور دیا، جس کی وجہ سے یہ ریاستیں کامیابی کے ساتھ یہ جنگ لڑ رہی ہیں۔
ان ریاستوں نے کہا کہ کورونا کی لڑائی میں مرکز کے ذریعہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا ہے، لیکن ریاستوں کی معاشی حالت بہتر نہیں ہیں اس لئے وہ اپنے وسائل کے دم پر کورونا سے لڑ نہیں سکتیں، لہذا مرکزی حکومت کو اس مسئلے کو مد نظر رکھتے ہوئے، جانچ مراکز کی تعداد بڑھانے کے لئے ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔
چھتیس گڑھ کے وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو اور راجستھان کے وزیر صحت رگھو شرما نے بدھ کے روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وبا کی تہہ تک پہنچنے کا واحد راستہ مزید جانچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ریاستوں میں طبی سہولت تیار کی گئی ہے اور اب جانچ کی سہولت مرکزی حکومت کو فراہم کرنا ہوگی۔ مرکز ہی تمام ریاستوں کو تیزی سے جانچ کی سہولیات مہیا کر رہا ہے ، لہذا اسے ریاستی حکومتوں کو جانچ کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنی چاہیے۔
سنگھ دیو نے کہا کہ ان کی حکومت نے 13 مارچ سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر نگاہ رکھنی شروع کر دی تھی اور اس کے بعد انہوں نے مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق اس سمت میں کام جاری رکھا۔ لوگوں کو اس وبائی امراض سے بچانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور اس سمت میں کام جاری ہے۔ جانچ کے پیمانے میں اضافہ کرنا ضروری ہے کیونکہ ہمارے پاس جانچ صلاحیت فی دس لاکھ پر 275 ہے، جو کہ بہت کم ہے۔
رگھو شرما نے کہا کہ 2 مارچ کو راجستھان میں کورونا کے پہلے کیس کی نشاندہی ہوئی تھی اور ریاستی حکومت نے اس سمت میں تیزی سے کام کرنا شروع کیا تھا۔ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جانچ ریاست میں شروع کر دی گئی تھی، لیکن اٹلی سے آنے والے سیاح پورے راجستھان میں گھومے تھے۔ اس کے بعد، ریاستی حکومت نے کورونا کے خلاف جنگی سطح پر تیاریوں کا آغاز کیا اور کچھ ہی وقت میں جانچ کی سہولت شروع کردی گئی۔ ریاست میں آج ٹیسٹنگ کے دس مراکز ہیں، جن میں ساڑھے چار ہزار سے زیادہ افراد کی جانچ کی جاسکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Apr 2020, 6:40 PM