دہلی کے وزیر صحت میں نظر آئی کورونا کی علامت، تیز بخار کے بعد اسپتال میں داخل

ستیندر جین کو پیر کی دیر رات سانس لینے میں دقت ہوئی۔ اس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ منگل کی صبح کورونا جانچ کے لیے ان کا سیمپل بھیجا گیا ہے۔

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو تیز بخار آنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وزیر صحت کا علاج اس وقت مشرقی دہلی واقع راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی ہاسپیٹل میں چل رہا ہے۔ یہاں ڈاکٹروں نے کورونا وائرس انفیکشن کا اندیشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد وزیر صحت کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو پیر کی دیر رات سانس لینے میں دقت ہوئی۔ اس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ منگل کی صبح کورونا ٹیسٹ کے لیے ان کا سیمپل بھیجا گیا ہے۔ فی الحال کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ برآمد نہیں ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کے ذریعہ جانکاری دیتے ہوئے ستیندر جین نے کہا کہ "ہائی گریڈ بخار اور اچانک آکسیجن لیول کم ہونے کی وجہ سے گزشتہ رات مجھے راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔" جانکاری کے مطابق وزیر صحت کو اسپتال میں داخل کرانے کے بعد انھیں آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ حالانکہ اب ستیندر جین کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔


غور طلب ہے کہ دہلی کے وزیر صحت لگاتار مختلف سطح پر افسران، وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزراء کے ساتھ مختلف میٹنگوں میں حصہ لے رہے تھے۔ ستیندر جین نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں بھی حصہ لیا تھا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے ساتھ وہ لگاتار کئی میٹنگوں میں شامل ہوتے رہے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ بھی وہ لگاتار کئی میٹنگوں میں شریک ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jun 2020, 2:45 PM