مدھیہ پردیش: پھر بڑھ رہے کورونا مریض، پابندیوں میں 30 اگست تک توسیع کا اعلان

مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن میں تیزی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کرفیو سے متعلق پابندیوں کو 30 اگست تک بڑھایا جائے گا۔

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ آگے اس پر کنٹرول حاصل کیا جا سکے، اس کے لیے حکومت نے ایک بار پھر کورونا کرفیو سے متعلق پابندیوں کو بڑھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب یہ پابندیاں 30 اگست تک نافذ العمل ہوں گی۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کمزور ہے اور گزشتہ دنوں مریضوں کی تعداد دہائی سے نیچے پہنچ گئی تھی۔ ایک دور تو ایسا تھا کہ نئے مریضوں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی تھی اور یہی سبب تھا کہ کورونا کرفیو کی پابندیوں کو لگاتار کم کیا جاتا رہا، لیکن ایک بار پھر نئے مریضوں کی تعداد ڈبل ڈیجٹ تک پہنچنے کے ساتھ لگاتار بڑھ رہی ہے۔ ساتھ ہی الگ الگ حصوں میں یہ مریض مل رہے ہیں۔

ریاست کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیش راجورا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انفیکشن کے روک تھام اور بچاؤ کے لیے کورونا کرفیو سے متعلق پابندیوں کو بڑھایا گیا ہے۔ قبل میں جاری ہدایات کو 30 اگست تک جاری رکھنے کا حکم سبھی کلکٹرس کو دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر راجورا نے مزید بتایا کہ قبل میں جاری ہدایات کے مطابق مذکورہ پابندی 20 اگست تک اثرانداز تھی، جسے بڑھا کر 30 اگست تک کر دیا گیا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں کووڈ-19 انفیکشن سے متعلق نئے کیسز ملنے پر حکومت کے ذریعہ یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ریاست مین حالات بہتر ہونے کے بعد بازار، مال کھل چکے ہیں، دفاتر میں بھی لوگوں کی آمد بڑھی ہے، ساتھ ہی تعلیمی ادارے پچاس فیصد صلاحیت کے ساتھ چل رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ریسٹورینٹ و ہوٹل پوری صلاحیت کے ساتھ چل رہے ہیں۔ شادی تقاریب میں دونوں فریقین کو ملا کر زیادہ سے زیادہ 100 لوگ شامل ہو سکتے ہیں۔ اس انعقاد کے لیے کنوینر کو ضلع انتظامیہ کو ناموں کی فہرست تقریب سے قبل دینا ضروری ہے۔ زیادہ سے زیادہ 50 لوگوں کے ساتھ آخری رسومات کی اجازت ہے۔ پوجا کے مقامات میں عیدگاہ کو چھوڑ کر بقیہ مقامات پر عبادتوں میں زیادہ سے زیادہ 50 لوگ ایک ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔